اسلام آباد ( حسبان میڈیا): وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے ملک میں ٹیکس چوری، اسمگلنگ اور غیر قانونی کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف فوری اور مؤثر ترین قانونی کارروائی تیز کرنے کا سخت حکم جاری کر دیا ہے۔
یہ ہدایات انہوں نے وفاقی دارالحکومت میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی اصلاحات کے حوالے سے منعقدہ ہفتہ وار اعلیٰ سطح کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔ اجلاس کے دوران وزیراعظم کو پی آر اے ایل (PRAL) کی تنظیمِ نو اور ڈیجیٹلائزیشن کے عمل پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے واشگاف الفاظ میں کہا کہ ملکی معاشی ترقی کا انحصار ٹیکس نظام کی مکمل شفافیت اور اصلاحات پر ہے۔ انہوں نے ایف بی آر حکام کو پابند کیا کہ ٹیکس نظام میں اصلاحاتی اقدامات کے نفاذ کو مقررہ وقت کے اندر ہر صورت مکمل کیا جائے اور ان تمام اصلاحات کا تھرڈ پارٹی آڈٹ یقینی بنایا جائے تاکہ نظام میں کسی قسم کا ابہام باقی نہ رہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ڈیجیٹلائزیشن، پیداوار کی کڑی نگرانی اور خودکار نظام ایف بی آر کی موجودہ اصلاحات کے بنیادی ستون ہیں۔ وزیراعظم نے ایف بی آر میں اچھی شہرت کے حامل گڈز ایویلیوایٹرز کی شفاف تعیناتی کے عمل کو سراہتے ہوئے چیئرمین ایف بی آر اور ان کی پوری ٹیم کی کوششوں کی تعریف کی۔