حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
فیلڈ مارشل عاصم منیر کا دفاعی صنعتی کمپلیکس واہ کا دورہ، مقامی سطح پر تیار جدید ہتھیاروں اور گولہ بارود کے تجربات کا مشاہدہ Home / پاکستان /

فیلڈ مارشل عاصم منیر کا دفاعی صنعتی کمپلیکس واہ کا دورہ، مقامی سطح پر تیار جدید ہتھیاروں اور گولہ بارود کے تجربات کا مشاہدہ

ایڈیٹر - 29/08/2026
فیلڈ مارشل عاصم منیر کا دفاعی صنعتی کمپلیکس واہ کا دورہ، مقامی سطح پر تیار جدید ہتھیاروں اور گولہ بارود کے تجربات کا مشاہدہ

راولپنڈی (حسبان میڈیا): چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے دفاعی صنعتی کمپلیکس پاکستان آرڈیننس فیکٹریز (پی او ایف) واہ کا ایک اہم دورہ کیا، جہاں انہوں نے مقامی سطح پر ڈیزائن اور تیار کردہ جدید ہتھیاروں اور گولہ بارود کے لائیو تجربات اور آزمائشوں کا برائے راست مشاہدہ کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دورے کے دوران فیلڈ مارشل کو پی او ایف کی پیداواری صلاحیتوں، برآمدی امکانات اور ملکی دفاعی صنعتی بنیاد کو مضبوط بنانے میں اس کے کلیدی کردار کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ فیلڈ مارشل کو پی او ایف کو ایک جدید کارپوریٹ ادارے میں تبدیل کرنے کے عمل میں ہونے والی پیشرفت اور تکنیکی اپ گریڈیشن کی کوششوں سے بھی آگاہ کیا گیا۔

آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ پی او ایف واہ میں اس وقت دو نئے جدید صنعتی پلانٹس نصب کیے جا رہے ہیں، جن سے رواں سال کے اختتام تک باقاعدہ پیداوار شروع ہونے کا قوی امکان ہے۔ اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاک فوج کی جانب سے دفاعی شعبے میں خود انحصاری، مقامی پیداوار اور تکنیکی جدت کو فروغ دینے کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔