حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
پنجاب کے 57 بڑے سرکاری اسپتالوں کے اطراف فائر ہائیڈرنٹس بنانے کا حکم جاری۔ Home / پاکستان /

پنجاب کے 57 بڑے سرکاری اسپتالوں کے اطراف فائر ہائیڈرنٹس بنانے کا حکم جاری۔

ایڈیٹر - 27/08/2026
پنجاب کے 57 بڑے سرکاری اسپتالوں کے اطراف فائر ہائیڈرنٹس بنانے کا حکم جاری۔

 

لاہور (اسپیشل رپورٹر، حسبان میڈیا): اسلام آباد کے پمز اسپتال میں پیش آنے والے افسوسناک حادثے کے بعد پنجاب حکومت نے صوبے بھر کے طبی مراکز کو محفوظ بنانے کے لیے بڑے پیمانے پر اقدامات کا آغاز کر دیا ہے۔ ترجمان محکمہ ہاؤسنگ پنجاب کے مطابق صوبے کے تمام بڑے سرکاری اسپتالوں کے اطراف فائر ہائیڈرنٹس قائم کرنے کا باقاعدہ حکم دے دیا گیا ہے۔ پہلے مرحلے میں 57 اہم سرکاری اسپتالوں کی فہرست تیار کی گئی ہے، جبکہ واسا (WASA) کو ہنگامی بنیادوں پر مقامات کی نشاندہی اور ہائیڈرنٹس کی تعمیر کا ٹاسک سونپ دیا گیا ہے۔

دوسری جانب، پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن (PHC) نے صوبے بھر کے تمام سرکاری اور نجی اسپتالوں کو ایک سخت مراسلہ جاری کیا ہے۔ مراسلے میں ہدایت کی گئی ہے کہ تمام طبی ادارے فائر سیفٹی قوانین، قواعد و ضوابط اور معیارات پر مکمل عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔ اسپتالوں کو فیسلٹی مینجمنٹ اور انفیکشن کنٹرول کی گائیڈ لائنز پر سختی سے کاربند رہنے کا حکم دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں انسانی جانوں کے ضیاع کو روکا جا سکے۔

کمیشن نے واضع کیا ہے کہ تمام اسپتال اپنے ہاں فائر فائٹنگ آلات کی موجودگی، واضح ایمرجنسی راستوں، نقشوں کی تنصیب اور عمارت کے فٹنس سرٹیفکیٹ کی دستیابی کو فوری طور پر ممکن بنائیں۔ اس سلسلے میں پنجاب ایمرجنسی سروسز ڈپارٹمنٹ (ریسکیو 1122) کو تمام سرکاری و نجی اسپتالوں کے فائر سیفٹی معائنے جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے اسپتالوں کی تفصیلات پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کو فراہم کی جائیں گی جن کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ مزید برآں، اسپتال انتظامیہ کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ فائر فائٹنگ کے لیے تربیت یافتہ عملہ تعینات کریں اور باقاعدگی سے فائر سیفٹی ڈرلز کا انعقاد کریں۔

یاد رہے کہ یہ ہنگامی اقدامات بدھ کی صبح اسلام آباد کے پمز اسپتال کے گائنی وارڈ کی نرسری میں لگنے والی ہولناک آگ کے تناظر میں کیے گئے ہیں، جہاں 14 نومولود بچے جھلس کر جاں بحق ہو گئے تھے۔ کیپٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (CDA) کے فائر بریگیڈ ڈپارٹمنٹ کی حالیہ رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ پمز اسپتال میں آگ سے بچاؤ اور انسانی جانوں کے تحفظ کے انتظامات انتہائی ناقص اور ناکافی تھے۔ اسی سیکیورٹی لیپس کو مدنظر رکھتے ہوئے پنجاب حکومت نے صوبے میں حفاظتی اقدامات کو فول پروف بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔