باجوڑ ۔ آئی ایس ایف رہنماؤں کی باجوڑ پریس کلب میں پریس کانفرنس
باجوڑ: انصاف سٹوڈنٹ فیڈریشن کے رہنماؤں نے باجوڑ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی فوری رہائی اور انہیں علاج کے لیے شفاء انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ آئی ایس ایف رہنما لقمان شاہ اور دیگر مقررین نے کہا کہ عمران خان کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا جائے اور ان کی رہائی یقینی بنائی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے احکامات کی دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ 25 کروڑ عوام کے دلوں کی دھڑکن عمران خان کی صحت کے حوالے سے تشویش پائی جاتی ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ فارم 47 کے حکمرانوں نے سپریم کورٹ کے احکامات کو کوڑے دان کی نظر کر دیا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ آئین اور قانون پر عمل درآمد کرتے ہوئے عمران خان کو شفاء انٹر نیشنل ہسپتال منتقل کیا جائے اور ان کی رہائی کے احکامات جاری کیے جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان تین سال سے ناحق قید ہیں ، انہیں فوری رہا کیا جائے۔آئی ایس ایف رہنماؤں نے خبردار کیا کہ اگر عمران خان کو شفا انٹرنیشنل منتقل اور رہا نہ کیا گیا تو ملک بھر میں ہڑتال کی جائے گی اور اسکولز ، کالجز اور یونیورسٹیز بند کرنے کی کال دی جائے گی۔پریس کانفرنس کے موقع پر انصاف سٹوڈنٹ فیڈریشن کے کارکنان کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔