حسبان میڈیا (ویب ڈیسک): خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں زمین کے تنازع پر دو فریقوں کے درمیان مسلح تصادم کے نتیجے میں خواتین سمیت 4 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 2 افراد زخمی ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق واقعہ بنوں کے علاقے بکاخیل میں پیش آیا، جہاں زمین کے تنازع پر دونوں فریق ایک دوسرے کے آمنے سامنے آگئے اور فائرنگ کا تبادلہ شروع ہوگیا۔
فائرنگ کے نتیجے میں خواتین سمیت 4 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے، جبکہ 2 افراد زخمی ہوئے۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
پولیس حکام کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری علاقے میں پہنچ گئی اور مزید کسی ناخوشگوار واقعے کی روک تھام کے لیے سرچ آپریشن شروع کردیا گیا۔
پولیس نے واقعے کے محرکات جاننے اور فائرنگ میں ملوث افراد کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے، جبکہ علاقے میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے سکیورٹی بھی بڑھا دی گئی ہے۔