حسبان میڈیا (ویب ڈیسک): وزیراعظم اپنا گھر ہاؤسنگ پروگرام میں شہریوں کی دلچسپی میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے تحت درخواست گزاروں کی تعداد میں جون کے بعد 52 فیصد اضافہ ہوگیا۔
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت رسائی فنانس اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں ہاؤسنگ فنانسنگ پروگرام کی پیش رفت اور درخواستوں کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم اپنا گھر پروگرام کے تحت جون کے بعد موصول ہونے والی درخواستوں میں 52 فیصد اضافہ ہوا، جس کے نتیجے میں مجموعی درخواستوں کی تعداد 1 لاکھ 39 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔
حکومت کے مطابق پروگرام کے تحت فراہم کیے جانے والے قرضوں کی تعداد میں بھی نمایاں پیش رفت ہوئی ہے اور اس میں 59 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
اجلاس میں زرخیز اسکیم کے تحت منظور شدہ فنانسنگ کا بھی جائزہ لیا گیا، جس کی مجموعی مالیت 7.2 ارب روپے سے تجاوز کرچکی ہے۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ہاؤسنگ فنانسنگ کے عمل میں درپیش رکاوٹوں کی نشاندہی کرکے انہیں دور کرنے کے لیے واضح اور قابلِ عمل سفارشات اسٹیئرنگ کمیٹی کے سامنے پیش کی جائیں۔
حکام کے مطابق درخواستوں اور قرضوں میں ہونے والا اضافہ حکومت کی ہاؤسنگ فنانسنگ اسکیموں میں عوامی دلچسپی بڑھنے کی نشاندہی کرتا ہے۔