حسبان میڈیا (ویب ڈیسک): ضلعی انتظامیہ نے امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر ضلع کے مختلف علاقوں اور اہم شاہراہوں پر دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے آمدورفت محدود کرنے کا اعلان کردیا ہے، جس کے تحت آج 25 اگست کو صبح 6 بجے سے شام 6 بجے تک مخصوص راستوں پر شہریوں کی نقل و حرکت بند رہے گی۔
ڈپٹی کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پابندی کا دائرہ ڈیرہ اسماعیل خان کے علاوہ ٹانک، جنوبی وزیرستان اپر اور جنوبی وزیرستان لوئر کے متعدد علاقوں تک بھی پھیلایا گیا ہے۔
انتظامیہ کے مطابق طارق شہید چوک سے بھگوال تک ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک شاہراہ پر آمدورفت معطل رہے گی۔ اسی طرح اقبال فورٹ سے بھگوال تک ٹانک روڈ کے حصے پر بھی شہریوں کی نقل و حرکت کی اجازت نہیں ہوگی۔
دفعہ 144 کے تحت کلاچی، ہتھالہ، کوٹ اٹل اور گڑھ عبداللہ سمیت مختلف علاقوں میں بھی آمدورفت محدود کردی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق تکوارہ، ہتھالہ، پوتہ، بدھ، کنوری اور گڑھ محبت سمیت دیگر رابطہ سڑکوں پر بھی آمدورفت بند رہے گی۔
اس کے علاوہ ڈیرہ اسماعیل خان کے پوتہ اور ہتھالہ بازار بھی آج صبح 6 بجے سے شام 6 بجے تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
انتظامیہ کے مطابق پابندی کے دوران مسافر گاڑیوں، مال بردار گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی آمدورفت بھی ممنوع ہوگی۔
تاہم قانون نافذ کرنے والے اداروں اور ہنگامی خدمات انجام دینے والی گاڑیوں کو اس پابندی سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔ کسی ہنگامی یا ناگزیر صورتحال میں پولیس یا سیکیورٹی فورسز کی اجازت سے آمدورفت ممکن ہوگی۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ دفعہ 144 کے نفاذ کا مقصد موجودہ صورتحال میں امن و امان برقرار رکھنا، حساس علاقوں میں سیکیورٹی یقینی بنانا اور شہریوں کے تحفظ کو ممکن بنانا ہے۔