حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
ایران میں اہم ملاقاتیں، عاصم منیر کا دورہ مکمل؛ کشیدگی کم کرنے اور آبنائے ہرمز کھولنے پر اہم پیش رفت Home / بین الاقوامی,پاکستان /

ایران میں اہم ملاقاتیں، عاصم منیر کا دورہ مکمل؛ کشیدگی کم کرنے اور آبنائے ہرمز کھولنے پر اہم پیش رفت

ایڈیٹر - 25/08/2026
ایران میں اہم ملاقاتیں، عاصم منیر کا دورہ مکمل؛ کشیدگی کم کرنے اور آبنائے ہرمز کھولنے پر اہم پیش رفت

حسبان میڈیا (ویب ڈیسک): چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا ایران کا اہم دورہ مکمل ہوگیا، جس کے دوران انہوں نے ایرانی صدر سمیت اعلیٰ سیاسی، عسکری اور پارلیمانی قیادت سے ملاقاتیں کیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے دورہ ایران کا بنیادی مقصد خطے میں بڑھتی کشیدگی کو مزید پھیلنے سے روکنے، تنازع کے پرامن حل کی راہ ہموار کرنے اور آبنائے ہرمز کی دوبارہ بحالی سمیت اہم علاقائی معاملات پر مشاورت تھا۔

دورے کے دوران وزیر داخلہ محسن نقوی بھی فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے ہمراہ موجود تھے۔ ایران پہنچنے پر ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی اور دیگر اعلیٰ سول و عسکری حکام نے پاکستانی وفد کا استقبال کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان، سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل میں رہبرِ اعلیٰ کے نمائندے محسن رضائی، ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر باقر قالیباف سمیت وزیر خارجہ اور وزیر داخلہ سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔

ملاقاتوں میں خطے کی موجودہ صورتحال، بڑھتی ہوئی کشیدگی کو قابو کرنے، آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے اور جاری تنازع کو جلد از جلد ختم کرنے کے لیے ممکنہ اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

فریقین نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ اور تنازعات کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کے امکانات پر بھی غور کیا، جبکہ کشیدگی میں کمی اور پرامن سفارتی حل کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ایرانی قیادت نے تنازع کے پرامن حل، مذاکرات کے فروغ اور کشیدگی میں کمی کے لیے پاکستان کی جانب سے کی جانے والی سفارتی کوششوں کو سراہا اور پاکستان کے تعمیری کردار کو قابلِ قدر قرار دیا۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا یہ دورہ ایسے وقت میں مکمل ہوا ہے جب خطے میں کشیدگی کے خاتمے اور آبنائے ہرمز کی بحالی کو عالمی سطح پر بھی انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔