حسبان میڈیا (ویب ڈیسک): آزاد کشمیر کی وادی نیلم میں کئی ہفتوں سے لاپتا 3 نوجوانوں کی لاشیں جنگل سے برآمد ہونے کے بعد علاقے میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔
ریسکیو حکام کے مطابق جاگراں وادی کے جنگلات سے ملنے والی لاشوں کی شناخت یاسر بلوچ، ناصر اور فیصل اعوان کے ناموں سے ہوئی ہے۔
اہلخانہ کے مطابق تینوں نوجوان 3 جولائی کو بابون وادی جانے کے لیے گھروں سے روانہ ہوئے تھے، تاہم اس کے بعد ان سے کوئی رابطہ نہیں ہوسکا تھا اور وہ مسلسل لاپتا تھے۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ جنگل میں مویشی چرانے والی خواتین کی نظر لاشوں پر پڑی، جس کے بعد انہوں نے فوری طور پر متعلقہ اداروں کو اطلاع دی۔
اطلاع ملنے پر امدادی اہلکار موقع پر پہنچے اور لاشوں کو اپنی تحویل میں لے کر ضروری کارروائی کے لیے منتقل کیا۔
واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد متعلقہ اداروں نے معاملے کی تحقیقات شروع کردی ہیں، جبکہ نوجوانوں کی ہلاکت کی وجوہات جاننے کے لیے مزید شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔