حسبان میڈیا (ویب ڈیسک): نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار برطانیہ کے پانچ روزہ سرکاری دورے پر لندن پہنچ گئے، جہاں ان کا قیام 24 سے 28 اگست تک ہوگا۔ دورے کے دوران وہ برطانوی حکام اور مختلف عالمی اداروں کے سربراہان سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔
وزارت خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار کی برطانوی وزیر خارجہ ایڈ ملی بینڈ سے ملاقات متوقع ہے، جبکہ وہ برطانوی حکومت کے دیگر اعلیٰ عہدیداروں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔
دورے کے دوران عالمی بحری سلامتی بھی اہم موضوعات میں شامل ہوگی۔ اسحاق ڈار انٹرنیشنل میری ٹائم آرگنائزیشن (IMO) کے سیکرٹری جنرل سے ملاقات کریں گے، جس میں خطے کی بحری سکیورٹی سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں صومالی قزاقوں کے ہاتھوں یرغمال بنائے گئے پاکستانی عملے کا معاملہ بھی اٹھایا جائے گا اور پاکستانی شہریوں کی بحفاظت رہائی کے حوالے سے ممکنہ اقدامات پر بات چیت ہوگی۔
وزارت خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم دولت مشترکہ کی سیکرٹری جنرل شرلی آیورکور بوچوے سے بھی ملاقات کریں گے، جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور دولت مشترکہ کے پلیٹ فارم پر تعاون سمیت مختلف معاملات زیرِ بحث آنے کا امکان ہے۔
اسحاق ڈار کا دورۂ برطانیہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب پاکستان برطانیہ کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے علاوہ علاقائی اور عالمی سطح پر بحری سلامتی سمیت اہم امور پر سفارتی رابطے بڑھا رہا ہے۔