حسبان میڈیا (ویب ڈیسک): پاکستانی فضائی مسافروں کے لیے اہم پیش رفت سامنے آگئی، فلائی جناح نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان فضائی رابطے کو مزید بہتر بنانے کے لیے کراچی سے ریاض کے لیے نئی براہِ راست پروازیں شروع کرنے کا اعلان کردیا۔
ایئرلائن کے مطابق نئی پروازوں کا آغاز 18 ستمبر سے ہوگا، ابتدائی مرحلے میں کراچی اور ریاض کے درمیان ہفتے میں 3 براہِ راست پروازیں چلائی جائیں گی۔
فلائی جناح کا کہنا ہے کہ مسافروں کی سہولت اور بڑھتی ہوئی سفری ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے پروازوں کی تعداد میں بعد ازاں مزید اضافہ کیا جائے گا، جبکہ اکتوبر سے کراچی اور ریاض کے درمیان پروازیں روزانہ کی بنیاد پر چلانے کا منصوبہ ہے۔
ایئرلائن کے مطابق نئی فضائی سروس سے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان سفری روابط مزید مضبوط ہوں گے اور کراچی سے ریاض جانے والے مسافروں کو سفر کے لیے ایک اور براہِ راست آپشن دستیاب ہوگا۔
فلائی جناح نے کہا ہے کہ کراچی، ریاض روٹ کا آغاز ایئرلائن کے بین الاقوامی فضائی نیٹ ورک کو وسعت دینے کی حکمت عملی کا حصہ ہے، جس کے تحت بیرونِ ملک مزید مقامات تک فضائی رابطہ بڑھانے پر توجہ دی جا رہی ہے۔
نئی سروس بالخصوص پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان سفر کرنے والے مسافروں کے لیے سہولت کا باعث بنے گی اور دونوں ممالک کے درمیان فضائی رابطوں میں مزید بہتری متوقع ہے۔