پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان دہشت گردی، منشیات کی روک تھام اور انسانی اسمگلنگ کے خلاف مشترکہ تعاون کو فروغ دینے پر مکمل اتفاق ہوا ہے۔
یہ پیشرفت صدر مملکت آصف علی زرداری اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ملائیشیا کے وزیرِ داخلہ سیف الدین نصوتیون بن اسماعیل کی الگ الگ ملاقاتوں کے دوران سامنے آئی۔ صدر مملکت سے ملاقات کے دوران دوطرفہ تعلقات، ادارہ جاتی روابط کو مزید مضبوط بنانے اور تجارت کے فروغ پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ ملائیشیا میں پاکستانی چاول، آلو، گندم، پولٹری اور جانوروں کی خوراک کی زبردست طلب موجود ہے جس سے دوطرفہ تجارت کو فائدہ پہنچ سکتا ہے۔
علاوہ ازیں ملائیشیا کے وزیر داخلہ اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے درمیان وفود کی سطح پر ہونے والے مذاکرات میں دونوں ممالک کے درمیان ایک جوائنٹ ورکنگ گروپ قائم کرنے کا اہم فیصلہ کیا گیا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے امید ظاہر کی کہ ملائیشیا کی جانب سے ورک کوٹا بڑھنے سے مزید پاکستانی قانونی اور باضابطہ طریقوں سے روزگار کے لیے ملائیشیا جا سکیں گے۔