حسبان میڈیا (ویب ڈیسک): وفاقی حکومت نے امن و امان کی صورتحال بہتر رکھنے کے لیے راولپنڈی میں 6 ماہ کے لیے پاک فوج کی تعیناتی کی منظوری دے دی ہے۔
جاری نوٹیفکیشن کے مطابق فوج کی تعیناتی آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت عمل میں لائی جائے گی، جس کے تحت پاک فوج کی 3 کمپنیاں راولپنڈی میں تعینات رہیں گی۔
ذرائع کے مطابق راولپنڈی میں فوج تعینات کرنے کی درخواست محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے کی گئی تھی، جس پر وفاقی کابینہ نے منظوری دی۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ تعینات فوجی دستے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر امن و امان برقرار رکھنے میں معاونت کریں گے، جبکہ حساس مقامات اور اہم شاہراہوں کی سیکیورٹی بھی مزید مؤثر بنائی جائے گی۔
حکومتی فیصلے کے تحت فوج کی تعیناتی کا مقصد راولپنڈی میں امن و امان کی صورتحال کو مستحکم رکھنا اور اہم تنصیبات و مقامات کی سیکیورٹی یقینی بنانا ہے۔