حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
پاکستان کے آبی مستقبل کا اہم مقدمہ، چناب بیاس لنک ٹنل کیس 16 ستمبر کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں سماعت کے لیے مقرر Home / پاکستان /

پاکستان کے آبی مستقبل کا اہم مقدمہ، چناب بیاس لنک ٹنل کیس 16 ستمبر کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں سماعت کے لیے مقرر

ایڈیٹر - 22/08/2026
پاکستان کے آبی مستقبل کا اہم مقدمہ، چناب بیاس لنک ٹنل کیس 16 ستمبر کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں سماعت کے لیے مقرر

حسبان میڈیا (ویب ڈیسک): پاکستان کے آبی حقوق اور پانی کے تحفظ سے متعلق اہم قانونی معاملے پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے چناب بیاس لنک ٹنل کیس سماعت کے لیے مقرر کردیا، جس میں حکومت سے عالمی قانونی فورمز پر رجوع کرنے اور سندھ طاس معاہدے پر فوری عملدرآمد یقینی بنانے کی استدعا کی گئی ہے۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ سرفراز ڈوگر 16 ستمبر کو جوڈیشل ایکٹوزم پینل کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت کریں گے۔ عدالت کے رجسٹرار آفس نے مقدمے کی سماعت کے لیے کاز لسٹ بھی جاری کردی ہے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ پاکستان کے آبی مفادات کو درپیش خطرات کے پیش نظر حکومت کو فوری طور پر عالمی قانونی فورمز سے رجوع کرنا چاہیے تاکہ ملک کے پانی کے حق کا تحفظ یقینی بنایا جاسکے۔

درخواست گزار کے مطابق بھارت کی جانب سے دریائے چناب کے پانی کا رخ موڑنے کے منصوبے سے پاکستان کی آبی سلامتی کو سنگین خطرات لاحق ہوسکتے ہیں، اس لیے معاملے میں فوری عدالتی مداخلت ضروری ہے۔

درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ سندھ طاس معاہدے پر مؤثر عملدرآمد کے لیے حکومت کو عملی اقدامات اٹھانے چاہئیں، جبکہ حکومتی خاموشی کو شہریوں کے بنیادی حقوق سے متصادم قرار دیتے ہوئے عدالت سے ضروری احکامات جاری کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ اس معاملے پر وفاقی حکومت سے پہلے ہی تفصیلی جواب طلب کرچکی ہے۔ اب عدالت میں ہونے والی آئندہ سماعت میں پاکستان کے آبی حقوق کے تحفظ اور عالمی قانونی فورمز سے رجوع کرنے سے متعلق اہم نکات زیر بحث آنے کا امکان ہے۔