حسبان میڈیا (ویب ڈیسک): پاکستان سمیت 12 ممالک نے شام میں اسرائیلی فضائی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے انہیں شام کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سیاسی وحدت کی صریح خلاف ورزی قرار دے دیا۔
پاکستانی وزارت خارجہ کے مطابق ابو الظہور فوجی ائیر بیس پر کیے گئے اسرائیلی حملوں کے خلاف پاکستان، ترکیہ، الجزائر، انڈونیشیا، اردن، لبنان، ملائیشیا، موریطانیہ، فلسطین، قطر، سعودی عرب اور صومالیہ کے وزرائے خارجہ نے مشترکہ اعلامیہ جاری کیا ہے۔
مشترکہ اعلامیے میں شام کی سرزمین پر اسرائیلی فوجی کارروائیوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ایسے حملے شام کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے اصولوں کی خلاف ورزی ہیں۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ شام کی سرزمین اور بنیادی ڈھانچے کو مسلسل حملوں کا نشانہ بنائے جانے سے ملک میں امن و استحکام کی کوششوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔
12 ممالک کے وزرائے خارجہ کے مطابق مسلسل فوجی کارروائیوں سے شام میں سکیورٹی کی صورتحال بہتر بنانے، قومی اداروں کی تعمیر نو اور طویل عرصے سے جاری تنازع کے نتیجے میں پیدا ہونے والے انسانی مسائل سے نمٹنے کی کوششیں بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
مشترکہ اعلامیے میں شام کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سیاسی وحدت کے احترام کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے اسرائیلی حملوں پر سخت تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔