حسبان میڈیا (ویب ڈیسک): وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا اہم اجلاس آج ہوگا، جس میں انتظامی امور کے علاوہ سکیورٹی، ٹرانسپورٹ، تعلیم، صحت، توانائی اور کھیلوں سے متعلق متعدد تجاویز پر غور کیا جائے گا۔
کابینہ اجلاس کے لیے جاری ایجنڈے میں چارسدہ میں عمرزئی کے نام سے نئی تحصیل کے قیام کی تجویز بھی شامل ہے، جبکہ صوبے میں تھری وہیلرز کی یکساں رجسٹریشن سے متعلق معاملہ بھی زیر بحث آئے گا۔
اجلاس میں سوات ایکسپریس وے کے ٹول ریٹس میں 20 فیصد اضافے کی تجویز پیش کی جائے گی۔ اس کے علاوہ خیبرپختونخوا پولیس کے کاؤنٹر ٹیررازم ونگ کے سروس رولز میں مجوزہ ترامیم بھی کابینہ کے سامنے رکھی جائیں گی۔
صوبے میں فل باڈی سکینرز کی تنصیب کا معاملہ بھی ایجنڈے کا حصہ ہے، جس کا مقصد حساس مقامات پر سکیورٹی انتظامات کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
کابینہ اجلاس میں بنوں کے لیے آنکھوں کے علاج سے متعلق ضروری طبی آلات کی فوری فراہمی کی منظوری کی تجویز بھی زیر غور آئے گی۔ اس اقدام سے علاقے میں آنکھوں کے مریضوں کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے میں مدد ملنے کی توقع ہے۔
اجلاس میں سیلاب سمیت قدرتی آفات سے نمٹنے کی صوبائی صلاحیت بہتر بنانے کے لیے عالمی بینک سے مالی معاونت حاصل کرنے کی تجویز بھی پیش کی جائے گی۔
اسی طرح وانا کے شہید مولانا مرزا جان کے معاوضے کو 1 کروڑ روپے تک بڑھانے کی تجویز بھی کابینہ کے ایجنڈے میں شامل ہے۔
پشاور میں جنوبی ایشیائی کھیلوں کے 3 مقابلوں کی میزبانی سے متعلق منظوری بھی کابینہ اجلاس میں متوقع ہے۔
اس کے علاوہ نجی اسکولز ریگولیٹری اتھارٹی کے لیے 2 ماہرین تعلیم کی نامزدگی اور نئی توانائی گاڑیوں کی پالیسی 2025 بھی اجلاس میں زیر غور آنے والے اہم معاملات میں شامل ہے۔
کابینہ اجلاس میں پیش کی جانے والی تجاویز کی منظوری یا مسترد کیے جانے کا حتمی فیصلہ اراکین کی مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔