حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
پیٹرول مہنگا ہونے کے بعد مہنگائی کا نیا وار، ہفتہ وار شرح میں مزید اضافہ Home / پاکستان /

پیٹرول مہنگا ہونے کے بعد مہنگائی کا نیا وار، ہفتہ وار شرح میں مزید اضافہ

ایڈیٹر - 21/08/2026
پیٹرول مہنگا ہونے کے بعد مہنگائی کا نیا وار، ہفتہ وار شرح میں مزید اضافہ

حسبان میڈیا (ویب ڈیسک): ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر بھی نظر آنے لگے ہیں، ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی میں 0.49 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری تازہ رپورٹ کے مطابق حالیہ ہفتے کے دوران مجموعی سالانہ مہنگائی کی شرح 9.66 فیصد تک پہنچ گئی۔

رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران 23 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، جبکہ 10 اشیا سستی ہوئیں اور 18 اشیا کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔

اعداد و شمار کے مطابق ہفتہ وار بنیادوں پر پیٹرول کی قیمت میں 3.77 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد مہنگائی کے دباؤ میں مزید اضافہ دیکھا گیا۔

اسی دوران پیاز کی قیمت میں نمایاں 14.17 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ چکن 3.35 فیصد مہنگا ہوگیا۔ دال چنا، لہسن اور چائے سمیت دیگر اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

کچھ اشیا کی قیمتوں میں کمی

رپورٹ کے مطابق مہنگائی میں مجموعی اضافے کے باوجود بعض اشیائے ضروریہ کی قیمتیں کم بھی ہوئیں۔ ایک ہفتے میں انڈے 5.78 فیصد سستے ہوئے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 5.15 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔

اسی طرح ٹماٹر کی قیمت 4.99 فیصد اور آلو کی قیمت 1.17 فیصد کم ہوئی۔ چینی، ایل پی جی اور کیلے کی قیمتوں میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی۔

تازہ اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ پیٹرول سمیت بعض ضروری اشیا کی قیمتوں میں اضافے نے ہفتہ وار مہنگائی پر دباؤ برقرار رکھا ہوا ہے، جبکہ دوسری جانب چند اشیا کی قیمتوں میں کمی نے مجموعی اضافے کو کسی حد تک محدود کیا۔