اسلام آباد : وفاقی حکومت نے بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں اور ان کے متاثرہ خاندانوں کے لیے ایک بڑا اور اہم فیصلہ کرتے ہوئے بلاک شدہ شناختی کارڈز بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ ان پاکستانی شہریوں اور ان کے خاندانوں کے لیے ہے جن کے شناختی کارڈز اس بنیاد پر بلاک کر دیے گئے تھے کہ ان کے خاندان کے کسی فرد نے یورپی ممالک میں شہریت حاصل کرنے کے لیے خود کو افغان شہری ظاہر کیا تھا۔ وفاقی حکومت نے اپنے سابقہ فیصلے پر نظرِ ثانی کرتے ہوئے اب صرف اس مخصوص شخص کے شناختی کارڈ کو بلاک رکھنے کا فیصلہ کیا ہے جس نے بیرونِ ملک غلط بیانی کی تھی۔
نئی پالیسی کے تحت غلط بیانی کرنے والے فرد کے علاوہ اس کے خاندان کے دیگر تمام افراد کے بلاک شدہ شناختی کارڈز کھول دیے جائیں گے اور انہیں کسی دوسرے فرد کے عمل کی سزا نہیں دی جائے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے باقاعدہ نئی پالیسی کا اعلان بہت جلد کیا جائے گا، جس سے گزشتہ طویل عرصے سے شدید پریشانی اور مشکلات کا شکار خاندانوں کو بڑی راحت ملے گی۔