قبائلی اضلاع (سابقہ فاٹا) میں ڈیوٹی سے غیر حاضر رہنے والے سرکاری ملازمین کے خلاف سخت محکمہ جات کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ فزیکل ویریفکیشن کا عمل مکمل ہونے تک مختلف محکموں کے درجنوں ملازمین کی تنخواہوں اور پینشن کی ادائیگی روک دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق سابقہ فاٹا کے مختلف علاقوں میں تعینات مختلف گریڈ کے سرکاری ملازمین کی فزیکل ویریفکیشن کا عمل جاری ہے۔ تمام متعلقہ محکموں کے ملازمین کو نوٹسز جاری کیے گئے تھے، تاہم نوٹسز کے باوجود مقررہ عمل کے دوران درجنوں ملازمین فزیکل ویریفکیشن کے لیے حاضر نہیں ہوئے۔
حاضر نہ ہونے والے ان ملازمین کے خلاف محکمہ جات کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ ابتدائی طور پر ان کی تنخواہوں اور پینشن کی ادائیگی روکی گئی ہے، جبکہ فزیکل ویریفکیشن مکمل نہ کرنے والے ملازمین کے خلاف دوسرے مرحلے میں ملازمت سے برطرفی سمیت دیگر قانونی اقدامات عمل میں لائے جائیں گے۔
ذرائع نے بتایا کہ اس پوری مشق کا بنیادی مقصد قبائلی اضلاع کے سرکاری محکموں میں حقیقی طور پر موجود اور ڈیوٹی دینے والے ملازمین کی تصدیق اور حاضری کو یقینی بنانا ہے۔