حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا پاسپورٹ آفس کا سرپرائز دورہ، فرائض میں غفلت پر انچارج عہدے سے برطرف Home / پاکستان /

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا پاسپورٹ آفس کا سرپرائز دورہ، فرائض میں غفلت پر انچارج عہدے سے برطرف

ایڈیٹر - 20/08/2026
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا پاسپورٹ آفس کا سرپرائز دورہ، فرائض میں غفلت پر انچارج عہدے سے برطرف

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے لاہور میں پاسپورٹ آفس گارڈن ٹاؤن کا اچانک دورہ کیا اور وہاں شہریوں کو درپیش مشکلات اور ایجنٹ مافیا کی موجودگی پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انچارج پاسپورٹ آفس کو عہدے سے ہٹانے کا حکم دے دیا۔

دورے کے دوران پاسپورٹ کے حصول کے لیے آئے شہریوں کی طویل قطاریں لگی ہوئی تھیں اور شہریوں نے وزیر داخلہ کو شکایات کے انبار لگا دیے۔ شہریوں نے بتایا کہ وہ صبح سے آئے۔ کئی کاؤنٹرز پر عملہ غائب ہے، چار گھنٹوں سے باری نہیں آئی اور باہر ایجنٹ مافیا سرعام جلدی کام کرانے کے لیے 5,500 روپے تک مانگ رہا ہے۔ ایک بزرگ شہری نے شکایت کی کہ آج پاسپورٹ کی وصولی کا دن تھا لیکن عملہ کا کہنا ہے کہ پرنٹنگ نہیں ہوئی۔

شہریوں کے مسائل اور فرائض میں شدید غفلت کا نوٹس لیتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے موقع پر ہی انچارج پاسپورٹ آفس (ڈپٹی ڈائریکٹر) شہزاد اسلم کو عہدے سے برطرف کرنے کی ہدایت کر دی۔ اس کے علاوہ پاسپورٹ آفس کے باہر ایجنٹ مافیا کو نہ روکنے اور کارروائی نہ کرنے پر ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی کرپشن ایف آئی اے لاہور کو بھی عہدے سے ہٹا دیا گیا۔

اس موقع پر محسن نقوی نے شہریوں سے ذاتی طور پر معذرت کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو تمام ممکنہ سہولیات فراہم کرنا حکومت کی بنیادی ذمہ داری اور فرض ہے۔