حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
آل فاٹا سابقہ خاصہ دار فورس کمیٹی کا دو روز کا الٹی میٹم Home / پاکستان /

آل فاٹا سابقہ خاصہ دار فورس کمیٹی کا دو روز کا الٹی میٹم

ایڈیٹر - 19/08/2026
آل فاٹا سابقہ خاصہ دار فورس کمیٹی کا دو روز کا الٹی میٹم

خیبر، جمرود: تاریخی بابِ خیبر کے مقام پر آل فاٹا سابقہ خاصہ دار فورس کمیٹی کا احتجاج چوتھے روز بھی جاری ہے۔ کمیٹی نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا، قبائلی اضلاع کے منتخب نمائندگان اور دیگر متعلقہ حکام کو مطالبات کی منظوری کے لیے اقدامات اٹھانے کا دو روز کا الٹی میٹم دے دیا۔

آل فاٹا سابقہ خاصہ دار فورس کمیٹی کے چیئرمین سید جلال وزیر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مطالبات کی منظوری کے لیے عملی اقدامات نہ کیے گئے تو قبائلی اضلاع میں پولیو مہم کے بائیکاٹ اور منتخب نمائندگان کو سیکیورٹی فراہم کرنے سے انکار کے آپشنز زیر غور لائے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ قبائلی اضلاع فورس کے اہلکاروں کے پینٹ پتلون پہننے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔فاٹا میں پولیس فورس شلور قمیض یونیفارم پہنے گی، جبکہ سی سی پی او اور ڈی پی اوز قبائلی اضلاع میں اس وقت تک کسی قسم کے تبادلے نہیں کریں گے جب تک ہمارے مسائل حل نہیں کیے جاتے۔اگر کسی ڈی پی او نے خلاف ورزی کی تو اسکے دفتر کے سامنے احتجاجی دھرنا دیا جائے گا۔

سید جلال وزیر نے مطالبہ کیا کہ ہمارے 22 نکاتی مطالبات، جن پر ہمارے ساتھ اتفاق کیا گیا تھا، کو عملی جامہ پہنایا جائے۔ فاٹا کی پولیس کو پولیس اسٹرکچر، ترقیاں، پنشن اور دیگر تمام مراعات فوری طور پر دینے کا اعلان کرکے اس پر عملدرآمد کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ فاٹا کی خاصہ دار فورس کو حقیقی پولیس تسلیم کیا جائے۔ فاٹا کی خاصہ دار فورس اور موجودہ پولیس دہشت گردی کے خلاف فرنٹ لائن پر لڑ رہی ہیں، لہٰذا انہیں ان کے جائز حقوق اور مراعات دی جائیں۔

سابقہ خاصہ دار فورس کمیٹی کے چیئرمین سید جلال وزیر نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا، قبائلی اضلاع کے منتخب نمائندگان اور دیگر متعلقہ حکام سے مطالبات کی منظوری کے لیے فوری اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کیا۔