لاہور کے علاقے چوہنگ میں ایک دردناک واقعہ سامنے آیا ہے جہاں ایک شخص نے مبینہ گھریلو تنازع پر سسرال میں فائرنگ کر کے اپنی بیوی، سسر، ساس اور سالے کو قتل کرنے کے بعد خود کو بھی گولی مار کر زندگی کا خاتمہ کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق ملزم عمران شوکت کی 6 ماہ قبل سمیعہ بی بی سے شادی ہوئی تھی۔ مبینہ گھریلو جھگڑے کے باعث اس کی اہلیہ اپنے والدین کے گھر رہ رہی تھی۔ گزشتہ روز ملزم عمران شوکت اپنی بیوی سمیعہ بی بی کو واپس لے جانے کے لیے سسرال پہنچا، جہاں تلخ کلامی اور نوک جھونک پر معاملہ بگڑ گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ سمیعہ کے ساتھ جانے سے انکار پر ملزم نے فائرنگ کر کے پہلے اپنی بیوی سمیعہ بی بی کو سر میں گولی ماری۔ بعد ازاں مزاحمت کرنے پر ملزم نے سسر علی خان کے سینے میں، ساس شمائلہ بی بی کو اور 21 سالہ برادرِ نسبتی (سالے) ذیشان کو کمر میں گولیاں مار کر قتل کر دیا، اور پھر اپنے سر میں فائر مار کر خودکشی کر لی۔