لاہور : وزارتِ مذہبی امور نے حج 2027 کے لیے سرکاری اور نجی حج اسکیم کی درخواستوں کی وصولی کی تاریخ میں تبدیلی کرتے ہوئے آج ۱۸ اگست سے باقاعدہ درخواستیں وصول کرنے کا اعلان کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق عازمینِ حج اپنی درخواستیں اور واجب الادا اخراجات آن لائن یا بینک کی مقررہ برانچز میں جمع کرا سکتے ہیں۔ نئی حج پالیسی کے تحت صرف پہلے سے رجسٹرڈ عازمین ہی سرکاری حج اسکیم کے لیے درخواست دینے کے اہل قرار پائیں گے۔
وزارتِ مذہبی امور کے مطابق سرکاری اسکیم کے تحت تمام حج اخراجات دو مساوی اقساط میں وصول کیے جائیں گے۔ درخواستوں کی وصولی "پہلے آئیے، پہلے پائیے" کی بنیاد پر کی جائے گی اور طے شدہ کوٹہ مکمل ہوتے ہی مزید درخواستوں کی وصولی روک دی جائے گی۔
حج ۲۰۲۷ء کے لیے سرکاری حج اسکیم کا کوٹہ ۱ لاکھ ۷ ہزار ۵۲۶ مقرر کیا گیا ہے، جبکہ نجی حج اسکیم کے لیے ۴۰ فیصد یعنی ۷۱ ہزار ۶۸۴ کا کوٹہ مختص کیا گیا ہے۔