حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
خوشخبری، حکومت کا نئے گھروں کی تعمیر کا اعلان۔ Home / پاکستان /

خوشخبری، حکومت کا نئے گھروں کی تعمیر کا اعلان۔

ایڈیٹر - 16/08/2026
خوشخبری، حکومت کا نئے گھروں کی تعمیر کا اعلان۔

گلگت: وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین ایڈووکیٹ نے موسمیاتی تبدیلیوں اور قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے صوبے میں 16 ارب روپے کی خطیر لاگت سے ایک انقلابی 'کلائمیٹ ریزیلینس پروجیکٹ' شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کی جانب سے دی گئی ایک اعلیٰ سطحی بریفنگ کے دوران وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ یہ منصوبہ بین الاقوامی ڈونرز کے تعاون سے تیار کیا گیا ہے، جس کے تحت گلگت بلتستان میں ماحول دوست اور محفوظ تعمیرات، صاف پانی کی فراہمی، جدید سیوریج سسٹم اور شہریوں کو آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی سمیت متعدد فلاحی منصوبے شروع کیے جائیں گے۔

وزیراعلیٰ امجد حسین ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان جغرافیائی طور پر قدرتی آفات کی زد میں ہے، جہاں ہر سال کلاؤڈ برسٹ اور ہولناک سیلاب کے باعث متعدد غریب خاندانوں کے گھر تباہ ہوجاتے ہیں۔ صوبائی حکومت نے اب یہ اصولی فیصلہ کیا ہے کہ روایتی تعمیرات کے بجائے متاثرہ شہریوں کے لیے مکمل طور پر محفوظ اور ماحولیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھنے والے مکانات تعمیر کیے جائیں گے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ وفاقی حکومت کے تعاون سے گزشتہ سال 'بوبر' کے سیلاب متاثرین کے لیے ایک جدید کالونی قائم کی گئی تھی، جبکہ رواں سال سندھ حکومت کے برادرانہ تعاون سے متاثرہ افراد کے لیے مزید 200 گھروں کی تعمیر کا منصوبہ جاری ہے جو بین الصوبائی ہم آہنگی کی بہترین مثال ہے۔

وزیراعلیٰ نے محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کو سخت ہدایات جاری کی ہیں کہ کلائمیٹ ریزیلینس پروجیکٹ کے دائرہ کار میں آفت زدہ علاقوں کے تمام متاثرین کو شامل کیا جائے اور اس سلسلے میں متعلقہ اسٹیئرنگ کمیٹی سے باضابطہ اور فوری منظوری حاصل کی جائے۔ امجد حسین ایڈووکیٹ نے منصوبے میں مکمل شفافیت اور کامیاب عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے پروجیکٹ ڈائریکٹر کی تعیناتی میں میرٹ کی سختی سے پاسداری کرنے کا حکم دیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ میگا پروجیکٹ بنیادی سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ گلگت بلتستان میں بڑے پیمانے پر معاشی سرگرمیوں اور روزگار کے فروغ کے لیے بھی انتہائی اہم اور سنگِ میل ثابت ہوگا۔