سعودی عرب کی نو تشکیل شدہ قومی فضائی کمپنی 'ریاض ایئر' نے پاکستان میں اپنے فضائی آپریشنز کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے، جس کے تحت ایئر لائن کی پہلی افتتاحی پرواز کامیابی کے ساتھ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد پہنچ گئی ہے۔ پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے) کے مطابق ریاض ایئر کی فلائٹ آر ایکس 660 (RX 660) نے 69 مسافروں کو لے کر اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لینڈ کیا۔ اس تاریخی موقع پر ایئرپورٹ پر نئی ایئر لائن کا روایتی طور پر واٹر سیلوٹ پیش کر کے شاندار استقبال کیا گیا۔
پرواز کی آمد کے فوراً بعد اسلام آباد ایئرپورٹ پر ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستان میں متعین سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی سمیت دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام اور ایوی ایشن اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ ترجمان کے مطابق ریاض ایئر اپنے فضائی آپریشنز کے ابتدائی مرحلے میں ریاض اور اسلام آباد کے مابین ہفتہ وار سات پروازیں چلائے گی، جس سے دونوں برادر ممالک کے دارالحکومتوں کے درمیان فضائی روابط مزید مستحکم ہوں گے۔ اپنی پہلی آمد کے بعد یہ پرواز 272 مسافروں کو لے کر اسلام آباد سے دوبارہ ریاض کے لیے روانہ ہو گئی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی ذیشان سعید نے ریاض ایئر کی پاکستان آمد کو دونوں ممالک کے درمیان فضائی اور اقتصادی تعاون کی راہ میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس نئی سروس کے آغاز سے سعودی عرب میں مقیم لاکھوں پاکستانیوں اور دونوں ممالک کے کاروباری و سیاحتی طبقے کو بہترین سفری سہولیات اور وسیع تر آپشنز میسر آئیں گے، جو پاک سعودی دیرینہ معاشی و سفارتی تعلقات کو نئی بلندیوں پر لے جانے کا باعث بنے گا۔