حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
مختلف وفاقی وزارتوں میں 524 نئی سرکاری ملازمتوں کا اعلان، درخواستیں طلب Home / پاکستان /

مختلف وفاقی وزارتوں میں 524 نئی سرکاری ملازمتوں کا اعلان، درخواستیں طلب

ایڈیٹر - 15/08/2026
مختلف وفاقی وزارتوں میں 524 نئی سرکاری ملازمتوں کا اعلان، درخواستیں طلب


فیڈرل پبلک سروس کمیشن (ایف پی ایس سی) نے کنسولیڈیٹڈ اشتہار فیز تھری 2026 کے تحت ملک بھر کے مختلف وفاقی محکموں اور وزارتوں میں گریڈ 16 سے گریڈ 20 تک کی 524 نئی آسامیوں کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ وفاقی اداروں میں روزگار کے متلاشی اہل امیدواروں سے آن لائن درخواستیں طلب کر لی گئی ہیں جنہیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 21 اگست 2026 مقرر کی گئی ہے، جبکہ تحریری امتحانات کا آغاز 10 اکتوبر 2026 سے متوقع ہے۔

تفصیلات کے مطابق اس اشتہار میں سب سے زیادہ آسامیاں شعبہ تعلیم اور صحت کے لیے رکھی گئی ہیں۔ فیڈرل گورنمنٹ ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشنز ڈائریکٹوریٹ میں سیکنڈری اسکول ٹیچر (مرد) بی ایس 17 کی 98 آسامیاں شامل ہیں، جبکہ آئی ٹی سیکٹر کے لیے 27 کمپیوٹر انسٹرکٹر (مرد) اور 14 کمپیوٹر انسٹرکٹر (خواتین) کے عہدے بھی مشتہر کیے گئے ہیں۔ صحت کے شعبے میں پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) کے لیے 70 چارج نرس بی ایس 16 اور 50 میڈیکل آفیسر بی ایس 17 کی آسامیاں رکھی گئی ہیں۔ دیگر نمایاں عہدوں میں گلگت بلتستان کے لیے 29 لیکچررز، اسلام آباد پولیس میں 23 انسپکٹرز اور وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) میں 22 سپرنٹنڈنٹس کی پوسٹس شامل ہیں۔

حکام کے مطابق ملک بھر سے امیدوار اپنے ڈومیسائل اور مقررہ کوٹے کے تحت صرف ایف پی ایس سی کی آفیشل ویب سائٹ پر آن لائن درخواست دے سکتے ہیں، کسی بھی دستی یا کاغذی درخواست کو قابل قبول نہیں سمجھا جائے گا۔ کمیشن کی جانب سے بی ایس 16 اور 17 کے لیے 600 روپے، بی ایس 18 کے لیے 1500 روپے، بی پی ایس 19 کے لیے 2500 روپے اور گریڈ 20 کے لیے 3000 روپے امتحانی فیس مقرر کی گئی ہے، جو پورٹل سے جنریٹ کردہ پی ایس آئی ڈی (PSID) کے ذریعے آن لائن ادا کی جا سکے گی۔