باجوڑ بم دھماکے میں شہید ہونیوالے ڈی ایچ او باجوڑ کے والد محمد ایوب کو سپردخا ک کیاگیا۔
گزشتہ رات بم دھماکے میں شہید ہونیوالے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر باجوڑ ڈاکٹر گوہر کے والد محمد ایوب کی نماز جنازہ خار سکول گراؤنڈ میں ادا کردی گئی۔
نماز جنازہ میں سابق صوبائی وزیر و ایم پی اے انور زیب خان،چیئرمین ڈیڈک ایم پی اے ڈاکٹر حمید الرحمن اور مختلف مکتبہ فکر کے لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
بعد ازاں شہید کو خار قبرستان میں سپردخاک کیاگیا۔ ڈپٹی کمشنر باجوڑ شاہد علی، کمانڈنٹ باجوڑ سکاؤٹس، ڈی پی او باجوڑ وقاص رفیق، اراکین صوبائی اسمبلی ڈاکٹر حمید، نثار باز، انور زیب خان، فوکل پرسن وزیر اعلیٰ گل ظفر خان، سابق ایم این اے شہاب الدین خان اور مختلف مکتبہ فکر کے لوگوں نے ڈی ایچ او باجوڑ ڈاکٹر گوہر کے گھر جاکر ان سے تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔
یادرہے کہ گزشتہ رات ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر باجوڑ ڈاکٹر گوہر کے گھر کے گیٹ پر بم دھماکہ ہوا۔ جس کے نتیجے میں ان کے والد میاں محمد ایوب شدید زخمی ہوگئے تھے جن کو بعد ازاں ہسپتال منتقل کیاگیا تاہم وہ زخموں کے تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔