حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
پشاور میں دوہرا قتل، باپ پر بیٹی اور نوجوان ہمسائے کو غیرت کے نام قتل کرنے کا الزام Home / پاکستان /

پشاور میں دوہرا قتل، باپ پر بیٹی اور نوجوان ہمسائے کو غیرت کے نام قتل کرنے کا الزام

ایڈیٹر - 12/08/2026
پشاور میں دوہرا قتل، باپ پر بیٹی اور نوجوان ہمسائے کو غیرت کے نام قتل کرنے کا الزام

حسبان میڈیا (ویب ڈیسک): مچنی گیٹ کے علاقے صادق آباد میں مبینہ غیرت کے نام پر فائرنگ کے واقعے میں ایک 16 سالہ لڑکی اور 23 سالہ نوجوان جاں بحق ہوگئے، پولیس نے دونوں کے قتل کے الزام میں لڑکی کے والد کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی۔

پولیس کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک شخص مبینہ طور پر کلاشنکوف سے مسلح ہوکر حجرے میں داخل ہوا اور وہاں موجود اپنی 16 سالہ بیٹی اور 23 سالہ نوجوان ہمسائے پر فائرنگ کردی۔ فائرنگ کے بعد ملزم موقع سے فرار ہوگیا۔

پولیس نے مقتولین کی شناخت 23 سالہ یوسف ولد محمد سلیم اور 16 سالہ مسماۃ (ع) دختر جنگریز کے نام سے کی ہے۔ دونوں ایک ہی علاقے کے رہائشی اور آپس میں ہمسائے تھے۔

حجرے میں فائرنگ، دونوں موقع پر جاں بحق

پولیس کے مطابق واقعے کے وقت یوسف کے والد محمد سلیم اپنے بیٹے کی تلاش میں تھے کیونکہ انہیں پنجاب کے علاقے فتح جنگ روانہ ہونا تھا، تاہم یوسف کا موبائل فون بند ملنے پر انہیں تشویش ہوئی۔

محمد سلیم کے مطابق بیٹے کو تلاش کرتے ہوئے وہ مکان کی چھت پر پہنچے، جہاں انہیں شور کی آواز سنائی دی۔ بعد ازاں وہ جنگریز کے حجرے کی جانب گئے تو وہاں فائرنگ ہوچکی تھی اور ان کا بیٹا یوسف اور لڑکی جاں بحق ہوچکے تھے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی معلومات کے مطابق ملزم نے فائرنگ کے بعد مقتول یوسف کی جیب سے موبائل فون بھی نکالا اور موقع سے فرار ہوگیا۔

پولیس کی تفتیش جاری

پولیس کے مطابق دونوں مقتولین کے درمیان مبینہ تعلقات کا شبہ ظاہر کیا گیا ہے، تاہم واقعے کی اصل وجوہات اور دیگر شواہد کی جانچ جاری ہے۔

واقعے کا مقدمہ مبینہ غیرت کے نام پر دوہرے قتل کی دفعات کے تحت درج کرلیا گیا ہے۔ پولیس نے دونوں لاشوں کو ضروری قانونی کارروائی اور پوسٹ مارٹم کے لیے منتقل کردیا ہے جبکہ ملزم کی گرفتاری کے لیے تلاش جاری ہے۔