حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کا 15 اگست سے ملک گیر ہڑتال کا اعلان Home / پاکستان /

پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کا 15 اگست سے ملک گیر ہڑتال کا اعلان

ایڈیٹر - 12/08/2026
پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کا 15 اگست سے ملک گیر ہڑتال کا اعلان

پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کا 15 اگست سے ملک گیر ہڑتال کا اعلان، پٹرول پمپس غیر معینہ مدت کے لیے بند کرنے کی دھمکی

پشاور (حسبان نیوز ڈیسک): پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن (پی پی ڈی اے) نے بڑھتے ہوئے کاروباری اخراجات اور منافع کے مارجن میں عدم اضافے کے خلاف 15 اگست سے ملک بھر میں پٹرول پمپس غیر معینہ مدت کے لیے بند کرنے کا حتمی اعلان کر دیا ہے۔ یہ فیصلہ گڈز ٹرانسپورٹرز کی چوتھے روز بھی جاری رہنے والی ہڑتال کے بعد سامنے آیا ہے، جس کے باعث ملک میں ایندھن اور مال برداری کی فراہمی کا نظام شدید متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے ملک بھر کے عہدیداران کے ایک اہم اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا ہے کہ 15 اگست کی صبح 6 بجے سے پورے ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی فروخت مکمل طور پر معطل کر دی جائے گی۔ ایسوسی ایشن کے ترجمان کا مؤقف ہے کہ گزشتہ دو ہفتوں کے دوران حکومت کے ساتھ رابطے کی متعدد کوششوں کے باوجود ڈیلرز کے منافع (مارجن) کے معاملے پر کوئی پیش رفت نہیں ہو سکی، جس کے بعد ڈیلرز کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے۔

ڈیلرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ ملک میں بجلی کے بھاری بلوں، بڑھتی ہوئی مہنگائی اور آپریشنل اخراجات کے باعث موجودہ کمیشن پر پٹرول پمپس چلانا اب ممکن نہیں رہا۔ انہوں نے واضح کیا کہ جب تک حکومت ان کے مطالبات کو تسلیم کرتے ہوئے تحریری طور پر نوٹیفکیشن جاری نہیں کرتی، تب تک پٹرول پمپس کی بندش غیر معینہ مدت تک جاری رہے گی۔ دوسری جانب، گڈز ٹرانسپورٹرز اور پٹرولیم ڈیلرز کی بیک وقت ہڑتال کے اعلانات نے عوامی اور تجارتی حلقوں میں شدید تشویش پیدا کر دی ہے، اور خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ بروقت حکومتی مداخلت نہ ہونے کی صورت میں ملک بھر میں ٹرانسپورٹ اور سپلائی چین کا ڈھانچہ مفلوج ہو کر رہ جائے گا۔