حسبان میڈیا (ویب ڈیسک): کراچی ملیر کے علاقے گلشنِ قادری مزار کے قریب ایک انتہائی افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں 3 بوریوں سے ایک شخص کی کٹی ہوئی لاش برآمد ہوئی، جس کے باعث علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
ذرائع کے مطابق اطلاع ملنے پر امدادی ٹیم موقع پر پہنچی اور لاش کو تحویل میں لے کر چھیپا ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کرنے کا عمل شروع کیا۔
چھیپا ذرائع کا کہنا ہے کہ مقتول کی شناخت تاحال معلوم نہیں ہوسکی، تاہم ابتدائی معلومات کے مطابق متوفی کی عمر تقریباً 30 سال ہے۔
پولیس نے واقعے کا مقدمہ اور دیگر قانونی کارروائی شروع کرتے ہوئے لاش کی شناخت اور واقعے کے محرکات کا سراغ لگانے کے لیے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ مزید حقائق تفتیش مکمل ہونے کے بعد سامنے آئیں گے۔