حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
صدر آصف زرداری نے ججز کی تعیناتیوں کی 10 سمریاں منظور کرلیں، اہم عدالتی فیصلے سامنے آگئے Home / پاکستان /

صدر آصف زرداری نے ججز کی تعیناتیوں کی 10 سمریاں منظور کرلیں، اہم عدالتی فیصلے سامنے آگئے

ایڈیٹر - 11/08/2026
صدر آصف زرداری نے ججز کی تعیناتیوں کی 10 سمریاں منظور کرلیں، اہم عدالتی فیصلے سامنے آگئے

حسبان میڈیا (ویب ڈیسک): صدر مملکت آصف علی زرداری نے ملک کی مختلف ہائی کورٹس میں ایڈیشنل ججز کی تعیناتی، بعض ججز کی مستقلی اور مدت میں توسیع سے متعلق 10سمریوں کی منظوری دے دی، جس کے بعد ججز کی تقرریوں سے متعلق زیرِ التوا معاملات نمٹ گئے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں 10 ایڈیشنل ججز کی تعیناتی کی منظوری دی گئی ہے، جبکہ ایک ایڈیشنل جج کو مستقل کرنے کی سمری بھی منظور کرلی گئی۔

اسی طرح سندھ ہائی کورٹ میں 3 ایڈیشنل ججز کی تعیناتی اور ایک ایڈیشنل جج کی مدت ملازمت میں توسیع کی منظوری دی گئی ہے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں بھی 3 ایڈیشنل ججز کی تعیناتی کی سمری صدر مملکت نے منظور کرلی، جبکہ پشاور ہائی کورٹ کے 4 ایڈیشنل ججز کو مستقل کرنے کی منظوری دے دی گئی۔

دوسری جانب بلوچستان ہائی کورٹ میں 3 ایڈیشنل ججز کی تعیناتی کی سمری بھی منظور کرلی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق صدر مملکت نے سپریم کورٹ کے ججز کی تنخواہوں، الاؤنسز اور پنشن کو وفاقی آئینی عدالت کے ججز کے مساوی کرنے سے متعلق سمری پر بھی دستخط کردیئے ہیں۔

علاوہ ازیں آصف علی زرداری نے ہارون اختر کی بطور وزیراعظم کے مشیر برائے صنعت و پیداوار تقرری کی سمری کی بھی منظوری دے دی ہے۔