حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
سیکرٹری کے سرکاری دوروں پر اجرک، سندھی ٹوپی، گلدستے اور تحائف دینے پر مکمل پابندی عائد۔ Home / پاکستان /

سیکرٹری کے سرکاری دوروں پر اجرک، سندھی ٹوپی، گلدستے اور تحائف دینے پر مکمل پابندی عائد۔

ایڈیٹر - 10/08/2026
سیکرٹری کے سرکاری دوروں پر اجرک، سندھی ٹوپی، گلدستے اور تحائف دینے پر مکمل پابندی عائد۔

سندھ کے تعلیمی اداروں میں پروٹوکول کلچر اور غیر ضروری اخراجات کے خاتمے کے لیے ایک اہم انتظامی فیصلہ سامنے آیا ہے۔ محکمہ کالج ایجوکیشن سندھ نے سیکرٹری کالج ایجوکیشن کے صوبے بھر کے سرکاری کالجوں کے دوروں کے موقع پر اجرک، سندھی ٹوپی، گلدستے، یادگاری اشیاء اور دیگر ہر قسم کے تحائف پیش کرنے پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔ اس فیصلے کا مقصد تعلیمی اداروں میں سادگی کو فروغ دینا اور سرکاری وسائل کے ضیاع کو روکنا ہے۔

تفصیلات کے مطابق، محکمہ کالج ایجوکیشن کی جانب سے جاری کردہ باقاعدہ مراسلے میں ڈائریکٹر جنرل کالجز سندھ سمیت کراچی، حیدرآباد، میرپورخاص، شہید بینظیر آباد، سکھر اور لاڑکانہ کے تمام ریجنل ڈائریکٹرز اور صوبے کے تمام سرکاری کالجوں کے پرنسپلز کو سخت ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ سیکرٹری کے سرکاری دوروں کے دوران انہیں کسی بھی نوعیت کا روایتی یا رسمی تحفہ پیش نہ کیا جائے۔

حکومتی احکامات میں بالخصوص سندھ کی ثقافتی علامات یعنی اجرک اور سندھی ٹوپی سمیت گلدستوں، یادگاری شیلڈز اور سووینئرز کا ذکر کیا گیا ہے اور ان کی فراہمی پر فوری روک لگا دی گئی ہے۔ محکمہ نے تمام ریجنل ڈائریکٹرز اور کالج پرنسپلز کو ان ہدایات پر ان کی روح اور منشا کے مطابق سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کا حکم دیا ہے۔ مراسلے کے آخر میں بیوروکریسی اور کالج انتظامیہ کو سخت وارننگ دی گئی ہے کہ ان احکامات کی خلاف ورزی یا عمل نہ کرنے کے معاملے کو انتہائی سنجیدگی سے لیا جائے گا اور ذمہ داروں کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے گی۔