حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
ترسیلاتِ زر میں نمایاں چھلانگ، جولائی میں پاکستانیوں نے 3.6 ارب ڈالر ملک بھیجے Home / پاکستان /

ترسیلاتِ زر میں نمایاں چھلانگ، جولائی میں پاکستانیوں نے 3.6 ارب ڈالر ملک بھیجے

ایڈیٹر - 10/08/2026
ترسیلاتِ زر میں نمایاں چھلانگ، جولائی میں پاکستانیوں نے 3.6 ارب ڈالر ملک بھیجے

حسبان میڈیا (ویب ڈیسک): بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے رقوم بھیجنے کے سلسلے میں نمایاں بہتری سامنے آئی ہے، جولائی 2026 میں کارکنوں کی ترسیلاتِ زر کی مد میں ملک کو مجموعی طور پر 3.6 ارب ڈالر موصول ہوئے۔

دستیاب اعداد و شمار کے مطابق جولائی میں ترسیلاتِ زر میں گزشتہ سال کے اسی مہینے کے مقابلے میں 13.0 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ جون 2026 کے مقابلے میں ماہانہ بنیاد پر بھی ترسیلاتِ زر 4.5 فیصد بڑھ گئیں۔

سعودی عرب سے سب سے زیادہ رقوم موصول

جولائی کے دوران پاکستان آنے والی ترسیلاتِ زر میں سب سے بڑا حصہ سعودی عرب کا رہا، جہاں سے 913.9 ملین ڈالر موصول ہوئے۔

متحدہ عرب امارات سے 737.3 ملین ڈالر، برطانیہ سے 555.5 ملین ڈالر جبکہ امریکا سے 317.2 ملین ڈالر پاکستان منتقل کیے گئے۔

وزیراعظم شہباز شریف کا سمندر پار پاکستانیوں کو خراجِ تحسین

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ترسیلاتِ زر میں اضافے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی خدمات کو سراہا ہے۔

وزیراعظم کا کہنا ہے کہ جولائی 2026 میں ترسیلاتِ زر میں سالانہ بنیاد پر 13 فیصد جبکہ ماہانہ بنیاد پر 4.5 فیصد اضافہ سمندر پار پاکستانیوں کے ملکی معیشت میں مسلسل مثبت کردار کا واضح ثبوت ہے۔

محمد شہباز شریف نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی قومی معیشت کا اہم حصہ ہیں اور ان کی جانب سے بھیجی جانے والی رقوم ملکی معاشی استحکام اور ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔

وزیراعظم نے ترسیلاتِ زر کے ذریعے پاکستان کی معیشت کو سہارا دینے والے سمندر پار پاکستانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ان کے کردار کو قابلِ قدر قرار دیا۔