حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
اڈیالہ جیل میں تلاشی کے دوران قیدیوں سے موبائل فونز برآمد، قیدیوں کو فوری طور پر اٹک جیل منتقل کر دیا گیا۔ Home / پاکستان /

اڈیالہ جیل میں تلاشی کے دوران قیدیوں سے موبائل فونز برآمد، قیدیوں کو فوری طور پر اٹک جیل منتقل کر دیا گیا۔

ایڈیٹر - 10/08/2026
اڈیالہ جیل میں تلاشی کے دوران قیدیوں سے موبائل فونز برآمد، قیدیوں کو فوری طور پر اٹک جیل منتقل کر دیا گیا۔

راولپنڈی (کرائم رپورٹر، حسبان میڈیا)
مرکزی نجیات خانہ اڈیالہ جیل میں سیکیورٹی پروٹوکولز کی سنگین خلاف ورزی سامنے آنے پر جیل انتظامیہ نے بڑا ایکشن لیا ہے۔ جیل مینوئل کے خلاف بیرکوں سے موبائل فونز برآمد ہونے پر سنگین جرائم میں ملوث 3 قیدیوں کو فوری طور پر اٹک جیل منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ ڈیوٹی میں مجرمانہ غفلت اور لاپرواہی برتنے کے الزام میں محکمہ جیل خانہ جات کے 5 ملازمین کو بھی معطل کر دیا گیا ہے۔

جیل کے معتبر ذرائع کے مطابق، انتظامیہ نے بیرکوں میں خفیہ معلومات پر ایک اچانک سرچ آپریشن کیا۔ اس تلاشی کے دوران ٹریفک وارڈن کے قتل کیس میں سزا یافتہ قیدی راجہ رعد، محکمہ جیل خانہ جات پنجاب کے اپنے ہی ملازم کے قتل کیس میں قید ملک حماد، اور ایک اور خطرناک قیدی شاہزیب ولد اکرم سے ممنوعہ اسمارٹ موبائل فونز برآمد ہوئے۔ جیل کے اندر ایسے حساس قیدیوں کے پاس موبائل فونز کی موجودگی کو سیکیورٹی پر ایک بڑا سوالیہ نشان قرار دیا جا رہا ہے۔

واقعے کے فوراً بعد اعلیٰ حکام کے حکم پر کارروائی کرتے ہوئے ان تینوں قیدیوں کو انتہائی سخت سیکیورٹی میں اڈیالہ جیل سے ڈسٹرکٹ جیل اٹک منتقل کر دیا گیا ہے۔ دوسری جانب، ممنوعہ اشیاء جیل کے اندر پہنچنے اور ڈیوٹی میں کوتاہی کے الزام میں 5 سیکیورٹی اہلکاروں کو معطل کر کے ان کے خلاف باقاعدہ محکماتی انکوائری شروع کر دی گئی ہے۔ آئی جی جیل خانہ جات نے واضح کیا ہے کہ جیلوں کی سیکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور ملوث ملازمین کے خلاف سخت قانونی چارہ جوئی کی جائے گی۔