ویب ڈیسک: پاکستان کے باصلاحیت تائیکوانڈو کھلاڑی احسان اللہ محسود نے تھائی لینڈ میں منعقد ہونے والی بین الاقوامی تائیکوانڈو چیمپئن شپ میں شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے سونے کا تمغہ اپنے نام کر لیا اور عالمی سطح پر قومی پرچم سربلند کر دیا۔
احسان اللہ محسود نے فائنل میں سری لنکا کے مدمقابل کو شکست دے کر چیمپئن شپ اپنے نام کی۔ اس سے قبل انہوں نے ابتدائی مرحلے میں قازقستان کے کھلاڑی کو زیر کر کے فاتحانہ سفر کا آغاز کیا، جبکہ سیمی فائنل میں بھارتی حریف کو شکست دے کر فیصلہ کن مقابلے کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔
کامیابی کے بعد ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے احسان اللہ محسود نے اس فتح کو پوری پاکستانی قوم کے نام کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی دعاؤں اور بھرپور حوصلہ افزائی نے انہیں کامیابی دلانے میں اہم کردار ادا کیا، جس پر وہ دل کی گہرائیوں سے شکر گزار ہیں۔
دوسری جانب رکن صوبائی اسمبلی آصف محسود نے قومی کھلاڑی کو تاریخی کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ احسان اللہ محسود نے نہ صرف پاکستان بلکہ وزیرستان کا نام بھی عالمی سطح پر روشن کیا ہے۔ انہوں نے کھلاڑی کے لیے سرکاری ملازمت دینے کا اعلان بھی کیا اور امید ظاہر کی کہ وہ مستقبل میں بھی ملک کے لیے مزید اعزازات حاصل کریں گے۔