لاہور: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے جماعت اسلامی کے مرکزی دفتر منصورہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمٰن سے ملاقات کر کے ملک کی سیاسی، معاشی اور علاقائی صورتحال پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا۔
ملاقات میں جماعت اسلامی پاکستان کے قائم مقام سیکرٹری جنرل نذیر احمد جنجوعہ اور سیکرٹری اطلاعات شکیل احمد ترابی بھی شریک تھے۔ اس موقع پر قومی امور، عوام کو درپیش مسائل اور موجودہ حالات میں ممکنہ حل سے متعلق مختلف پہلوؤں پر مشاورت کی گئی۔
گفتگو کے دوران وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ فیلڈ مارشل کی مسلسل سفارتی اور پیشہ ورانہ کوششوں کے باعث خطے میں کشیدگی کی صورتحال میں دوبارہ کمی آئی ہے، جس سے امن و استحکام کے امکانات بہتر ہوئے ہیں۔
دورانِ ملاقات وفاقی وزیر داخلہ نے جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل امیر العظیم کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار بھی کیا۔ انہوں نے حافظ نعیم الرحمٰن سے تعزیت کرتے ہوئے مرحوم کے درجات کی بلندی، مغفرت اور ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی۔
محسن نقوی نے مرحوم کے اہلِ خانہ، جماعت اسلامی کی قیادت اور کارکنان کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ امیر العظیم کی دینی، سماجی اور سیاسی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
ملاقات خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی، جس میں باہمی رابطوں اور قومی اہمیت کے معاملات پر مشاورت جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔