ضلع ملاکنڈ کے پہاڑوں میں جنگلاتی آگ لگنے کے واقعات کے پیش نظر دفعہ 144 ضابطہ فوجداری (CrPC) کے تحت فوری پابندی عائد
ضلع ملاکنڈ کے پہاڑی اور جنگلاتی علاقوں میں حالیہ دنوں میں آگ لگنے کے واقعات میں اضافے کے باعث ڈپٹی کمشنر/ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ ملاکنڈ، حامد الرحمٰن نے فوری اور مؤثر اقدامات کا اعلان کیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر/ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ ملاکنڈ نے دفعہ 144 ضابطہ فوجداری (CrPC) کے تحت ضلع بھر میں پہاڑوں اور جنگلات میں ہر قسم کی آگ لگانے والی سرگرمیوں پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔ اس پابندی کا مقصد جنگلات، جنگلی حیات، ماحول اور مقامی سبزے کو ممکنہ تباہی سے بچانا ہے۔
پابندی کے تحت درج ذیل سرگرمیوں پر سختی سے پابندی ہوگی:
جنگلات میں آگ لگانا (دانستہ یا غیر دانستہ)
آتش بازی کرنا
کیمپ فائر جلانا
تمباکو نوشی کرنا
باربی کیو یا الاؤ جلانا
کچرا جلانا
آگ جلانے والی اشیاء (ماچس، لائٹر، کوئلہ وغیرہ) ساتھ لے جانا
ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا ہے کہ پابندی کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف دفعہ 188 پی پی سی کے تحت قانونی کارروائی کی جائے گی تاکہ قدرتی وسائل کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ان احکامات پر مکمل عمل درآمد کریں اور ضلع ملاکنڈ کے جنگلات و ماحول کے تحفظ میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں