ویب ڈیسک: پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کی ترقی اور عوامی مسائل کا مؤثر حل صرف مسلم لیگ (ن) کے پاس ہے، جبکہ نواز شریف اور مریم نواز کی کشمیر آمد نے سیاسی مخالفین کو پریشان کر دیا ہے۔
راولپنڈی میں مسلم لیگ (ن) کی انتخابی مہم سے خطاب کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے دعویٰ کیا کہ مظفرآباد کے عوام نے اپنی سیاسی ترجیح واضح کر دی ہے اور پارٹی کارکنوں پر زور دیا کہ وہ انتخابی مہم تیز کرتے ہوئے پارٹی امیدواروں کی کامیابی کو یقینی بنائیں۔
انہوں نے اپنے خطاب میں سیاسی مخالفین کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ صرف تنقید کرنے کے بجائے عملی کارکردگی دکھائی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر مخالفین میں صلاحیت ہے تو نواز شریف کے دور کی موٹرویز اور شہباز شریف کی طرز کی میٹرو سروس جیسے ترقیاتی منصوبے بنا کر دکھائیں۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ بعض حلقے یہ تاثر دیتے ہیں کہ ترقیاتی کام صرف لاہور تک محدود رہے، حالانکہ پنجاب کے مختلف اضلاع میں سڑکوں اور بنیادی ڈھانچے کی تعمیر پر یکساں توجہ دی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مریم نواز کی قیادت میں فلاحی اور ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق مظفرآباد میں گرین بس سروس عوام کو سفری سہولت فراہم کر رہی ہے، جبکہ گزشتہ 18 ماہ کے دوران "اپنا گھر، اپنی چھت" پروگرام کے تحت دو لاکھ افراد کو رہائش کی سہولت فراہم کی گئی۔
سینئر وزیر نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت نے ایک لاکھ طلبہ میں لیپ ٹاپ تقسیم کیے، جبکہ 50 ہزار طلبہ کو "ہونہار اسکالرشپ" پروگرام کے ذریعے مالی معاونت فراہم کی گئی۔ ان کا دعویٰ تھا کہ ملک بھر میں عوام مریم نواز کے طرزِ حکمرانی کو سراہ رہے ہیں اور ایسی قیادت کی خواہش رکھتے ہیں۔