حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
پشاور حیات آباد قبرستان کی جگہ مختص کرنے سے متعلق جاری کردہ احکامات کا جائزہ Home / پاکستان /

پشاور حیات آباد قبرستان کی جگہ مختص کرنے سے متعلق جاری کردہ احکامات کا جائزہ

ایڈیٹر - 18/05/2025
پشاور حیات آباد  قبرستان کی جگہ مختص کرنے سے متعلق جاری کردہ احکامات کا جائزہ

پشاور:
سماجی کارکن اور حیات آباد ویلفیئر آرگنائزیشن کے سینئر نائب صدر، جہانزیب خان نے  کل  ڈائریکٹر جنرل پی ڈی اے سے ملاقات کی، جس میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی جانب سے حیات آباد کے مکینوں کے لیے قبرستان کی جگہ مختص کرنے سے متعلق جاری کردہ احکامات کا جائزہ لیا گیا۔

واضح رہے کہ چند روز قبل جہانزیب خان نے وزیر اعلیٰ  کیساتھ ملاقات  کے دوران  ایک تحریری درخواست پیش کی تھی، جس میں حیات آباد کے باسیوں کے لیے قبرستان کی جگہ مختص کرنے کی استدعا کی گئی تھی۔ وزیر اعلیٰ نے اس عوامی مسئلے کی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے فوری احکامات جاری کیے۔

ڈی جی پی ڈی اے نے ملاقات کے دوران بتایا کہ وزیر اعلیٰ کے احکامات کی روشنی میں زمین کے تعین کا عمل جاری ہے، تاکہ جلد از جلد اس پر عمل درآمد ممکن ہو سکے۔ دوران ملاقات یہ بات بھی سامنے آئی کہ موجودہ قبرستان کے ساتھ کچھ سرکاری اراضی موجود ہے، جس میں سے ایک حصہ قبرستان میں شامل کرنے پر بھی غور  و حوض ہوگا

یہ اقدام حیات آباد ویلفیئر آرگنائزیشن اور حیات آباد  کے مکینوں کے لیے ایک خوش آئند پیش رفت ہے۔ تنظیم کے ارکان اور عہدیداران عوامی فلاح و بہبود کے مختلف محاذوں پر سرگرم عمل ہیں۔ جب نیت نیک اور مقصد اعلیٰ ہو تو اللہ تعالیٰ کی مدد اور نصرت بھی شامل حال ہوتی ہے۔