حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
باجوڑ ۔ جرگہ ممبران کے کوششوں سے فریقین میں دشمنی کا خاتمہ ، فریقین آپس میں بغلگیر Home / پاکستان /

باجوڑ ۔ جرگہ ممبران کے کوششوں سے فریقین میں دشمنی کا خاتمہ ، فریقین آپس میں بغلگیر

ایڈیٹر - 17/05/2025
باجوڑ ۔ جرگہ ممبران کے کوششوں سے فریقین میں دشمنی کا خاتمہ ، فریقین آپس میں بغلگیر

ڈپٹی کمشنر باجوڑ شاہد علی خان کی ہدایات پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل شاہد رفیق گنڈاپور کی سربراہی میں ایک دیرینہ دشمنی کا جرگے کے ذریعے پُرامن اور باعزت حل ممکن بنایا گیا۔ جرگے میں فریقین نورالعالمین ولد جمعہ سید سکنہ سول کالونی خار اور ملک دفتر خان ولد حکمت خان سکنہ کس ماموند کے درمیان جاری تنازعے کا خاتمہ ہوا، جو دو مختلف قتل کے واقعات کے بعد شدت اختیار کر گیا تھا۔ دونوں فریقین نے ایک دوسرے کے خلاف ایف آئی آرز درج کر رکھی تھیں، تاہم باہمی رضامندی سے ضلعی انتظامیہ کی نگرانی اور جرگہ ممبران کی غیر جانبدار رہنمائی میں معاملات حل کر لیے گئے۔جرگہ ممبران چیف آف ماموند ملک سلطان زیب ، ملک حبیب اللہ ( تنڑے) ، ملک معشوق (تنڑے) ، سید رحیم شاہ عرف سباون گبرے ماموند اور حاجی خان ولی گٹکے ماموند شامل تھے۔ تفصیلی غور و خوض کے بعد اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ دونوں ایف آئی آرز بے بنیاد ہیں، لہٰذا تمام الزامات اور قانونی کارروائیاں ختم کی جائیں گی۔ فریقین نے فیصلے کو تسلیم کرتے ہوئے آئندہ امن و آشتی سے رہنے کا عہد کیا۔ یہ بھی طے پایا کہ آئندہ شکایت یا قانونی چارہ جوئی کی صورت میں متعلقہ فریق کو ایک کروڑ روپے جرمانہ ادا کرنا ہوگا، جو منقولہ یا غیر منقولہ جائیداد سے وصول کیا جائے گا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نے جرگہ ممبران اور فریقین کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ ڈپٹی کمشنر باجوڑ روزِ اول سے امن کے فروغ اور دیرینہ تنازعات کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہے ہیں۔ تحصیلدار ماموند ضیاء الدین نے باہمی رضامندی سے تیار کردہ اقرار نامہ پیش کیا اور فریقین کے جذبۂ مفاہمت کو خوش آئند قرار دیا۔مفاہمت نہ صرف ایک اہم مسئلے کا خاتمہ ہے بلکہ ضلع باجوڑ میں قیام امن، بھائی چارے اور احترامِ انسانیت کی جانب ایک عملی قدم ہے۔ ضلعی انتظامیہ، جرگہ ممبران اور فریقین کی کاوشیں قابلِ تحسین ہیں