حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کا آزاد جموں و کشمیر کا وزیراعظم بننے کی خواہش کا اظہار Home / سیاست /

مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کا آزاد جموں و کشمیر کا وزیراعظم بننے کی خواہش کا اظہار

ایڈیٹر - 22/07/2026
مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کا آزاد جموں و کشمیر کا وزیراعظم بننے کی خواہش کا اظہار

مظفرآباد:
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے آزاد جموں و کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں ایک بڑے انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے آزاد کشمیر کا وزیراعظم بننے کی منفرد خواہش کا اظہار کر دیا ہے۔ انہوں نے ہلکے پھلکے انداز میں شرکائے جلسہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ "میرا دل کرتا ہے کہ الیکشن میں کامیابی ملی تو شہباز شریف کو کہوں کہ مجھے آزاد کشمیر کا وزیراعظم بنا دیں"۔ انہوں نے آزاد کشمیر کو اپنا دوسرا گھر قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ مسلم لیگ (ن) اقتدار میں آکر چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں ترقیاتی منصوبوں میں کوئی تفریق نہیں کرے گی۔

اپنے تفصیلی خطاب میں نواز شریف نے آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی کے لیے بڑے اعلانات کیے۔ انہوں نے وعدہ کیا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت بننے پر آزاد کشمیر کا بجٹ دس گنا بڑھایا جائے گا، دریاۓ جہلم کے ساتھ خوبصورت موٹروے بنائی جائے گی اور مظفرآباد میں چند دنوں کے اندر 10 گرین بسیں چلتی ہوئی نظر آئیں گی۔ اس کے علاوہ انہوں نے صحت کے شعبے میں انقلابی تبدیلیوں کا ذکر کرتے ہوئے آزاد کشمیر کے لیے 15 موبائل ہسپتال لانے کا بھی اعلان کیا۔

سابق وزیراعظم نے مریم نواز اور وزیراعظم شہباز شریف کے پنجاب میں ترقیاتی ماڈل کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جو ترقیاتی کام پنجاب میں ہو رہے ہیں، بالکل ویسے ہی منصوبے مظفرآباد اور آزاد کشمیر میں بھی لائے جائیں گے۔ انہوں نے ماضی کی حکومتوں پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اگر ان کی سابقہ حکومت برقرار رہتی تو ملک بہت آگے نکل چکا ہوتا، مگر بعد میں آنے والوں نے ترقی کا سفر روک کر پاکستان کو تباہ و برباد کر دیا۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ دوبارہ موقع ملا تو تمام کسریں نکال دیں گے اور مظفرآباد ترقی کے میدان میں تمام بڑے شہروں سے آگے نکل جائے گا۔