حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
آزاد کشمیر کے انتخابات پر بڑا فیصلہ متوقع، پولنگ تین مرحلوں میں کرانے کی تجویز، ملتوی کرنے کا مطالبہ بھی سامنے آ گیا Home / سیاست /

آزاد کشمیر کے انتخابات پر بڑا فیصلہ متوقع، پولنگ تین مرحلوں میں کرانے کی تجویز، ملتوی کرنے کا مطالبہ بھی سامنے آ گیا

ایڈیٹر - 21/07/2026
آزاد کشمیر کے انتخابات پر بڑا فیصلہ متوقع، پولنگ تین مرحلوں میں کرانے کی تجویز، ملتوی کرنے کا مطالبہ بھی سامنے آ گیا

مظفرآباد: آزاد جموں و کشمیر کے عام انتخابات کے شیڈول میں اہم تبدیلی کا امکان پیدا ہو گیا ہے، جبکہ پولنگ ایک ہی روز کرانے کے بجائے مختلف مراحل میں منعقد کرنے کی تجویز پر سنجیدگی سے غور جاری ہے۔

ذرائع کے مطابق مجوزہ منصوبے کے تحت سب سے پہلے ستائیس جولائی کو میرپور ڈویژن میں ووٹنگ کرائی جا سکتی ہے، جبکہ دو اگست کو مظفرآباد ڈویژن اور دس اگست کو پونچھ ڈویژن میں پولنگ کرانے کی تجویز زیر غور ہے۔

اطلاعات ہیں کہ مرحلہ وار انتخابات کا مقصد سیکیورٹی انتظامات کو مزید مؤثر بنانا، انتخابی عمل کو بہتر انداز میں منظم کرنا اور انتظامی سہولیات میں بہتری لانا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نظرثانی شدہ انتخابی شیڈول اور نئے پولنگ پروگرام کا باضابطہ اعلان آج متوقع ہے۔

ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن اس حوالے سے آخری مرحلے کی مشاورت مکمل کر رہا ہے۔ اگر شیڈول میں تبدیلی کی منظوری دی گئی تو نیا ضابطۂ کار اور تازہ پولنگ پروگرام بھی جاری کیا جائے گا۔

دوسری جانب آزاد کشمیر کے سابق صدر اور سابق وزیراعظم سردار محمد یعقوب خان نے چیف الیکشن کمشنر کو خط ارسال کرتے ہوئے موجودہ حالات کے پیش نظر عام انتخابات مؤخر کرنے کی درخواست کر دی ہے۔

اپنے خط میں سردار محمد یعقوب خان نے مؤقف اختیار کیا کہ آزاد جموں و کشمیر میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال، حالیہ ناخوشگوار واقعات اور جانی و مالی نقصانات کے باعث مقررہ تاریخ پر آزادانہ، منصفانہ اور پرامن انتخابات کا انعقاد انتہائی مشکل دکھائی دیتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عبوری آئین انیس سو چوہتر اور انتخابات سے متعلق قانون کے تحت الیکشن کمیشن پر یہ آئینی اور قانونی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ ووٹنگ کے عمل کو محفوظ، شفاف اور غیر جانبدار ماحول میں یقینی بنائے۔ ان کے مطابق اگر ہنگامی حالات پیدا ہو جائیں تو الیکشن مؤخر کرنے کا اختیار بھی کمیشن کے پاس موجود ہے۔

سابق وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ جمہوری عمل کا اصل مقصد صرف مقررہ تاریخ پر ووٹنگ کرانا نہیں بلکہ عوام کو خوف اور دباؤ سے آزاد ماحول میں اپنا حقِ رائے دہی استعمال کرنے کا موقع فراہم کرنا ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ الیکشن کمیشن فوری طور پر آزاد کشمیر بھر میں امن و امان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لے، سول انتظامیہ، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں سے جامع رپورٹس طلب کرے، تمام بڑی سیاسی جماعتوں اور متعلقہ فریقوں سے ہنگامی مشاورت کرے اور زمینی حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے عام انتخابات مناسب مدت تک مؤخر کرنے پر غور کرے تاکہ حالات معمول پر آنے کے بعد شفاف اور پُرامن انتخابات کا انعقاد ممکن بنایا جا سکے۔