حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
نورین نیازی کے بیان اور علیمہ خان کی مہم سے تحریک انصاف نے لاتعلقی اختیار کر لی، پارٹی نے مؤقف واضح کر دیا Home / سیاست /

نورین نیازی کے بیان اور علیمہ خان کی مہم سے تحریک انصاف نے لاتعلقی اختیار کر لی، پارٹی نے مؤقف واضح کر دیا

ایڈیٹر - 21/07/2026
نورین نیازی کے بیان اور علیمہ خان کی مہم سے تحریک انصاف نے لاتعلقی اختیار کر لی، پارٹی نے مؤقف واضح کر دیا

ویب ڈیسک:پاکستان تحریک انصاف نے بانی چیئرمین عمران خان کی بہن نورین نیازی کے متنازع بیان اور علیمہ خان کی عوامی رابطہ مہم کو ذاتی اقدام قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ دونوں معاملات کا پارٹی کی سرکاری پالیسی سے کوئی تعلق نہیں۔

پارٹی ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کی مرکزی قیادت نے اس حوالے سے واضح مؤقف اختیار کیا ہے کہ نورین نیازی کی جانب سے دیا گیا بیان ان کی ذاتی رائے ہے اور اسے جماعت کی پالیسی یا مؤقف نہیں سمجھا جا سکتا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ علیمہ خان کی جانب سے مختلف علاقوں میں عوامی اجتماعات اور ریلیوں میں شرکت بھی ان کا انفرادی اقدام ہے۔ پارٹی نے کہا ہے کہ اگرچہ عوامی رابطہ ہر سیاسی جماعت کا حق ہے، تاہم احتجاج یا کسی بڑی سیاسی تحریک کا حتمی فیصلہ صرف پارٹی قیادت ہی کرے گی۔

تحریک انصاف کے ذمہ دار رہنماؤں کے مطابق آئندہ احتجاجی حکمت عملی اور عوامی تحریک کے حوالے سے مشاورت جاری ہے اور جب بھی کوئی فیصلہ ہوگا، اس کا باضابطہ اعلان پارٹی قیادت کی جانب سے کیا جائے گا۔

پارٹی ذرائع نے مزید کہا کہ سیاسی معاملات سے متعلق تمام اہم فیصلے تنظیمی فورم پر ہی کیے جائیں گے، جبکہ بانی چیئرمین کے اہل خانہ کی سرگرمیوں کو ان کی ذاتی حیثیت میں دیکھا جائے گا، البتہ مختلف معاملات پر خاندان سے مشاورت کا سلسلہ برقرار رہے گا۔

واضح رہے کہ نورین نیازی نے حالیہ دنوں ایک آن لائن انٹرویو کے دوران معرکۂ حق اور پاک فوج سے متعلق بیان دیا تھا، جس کے بعد متعلقہ ادارے کی جانب سے انہیں نوٹس جاری کیا گیا۔ دوسری جانب علیمہ خان خیبرپختونخوا کے مختلف شہروں میں عوامی اجتماعات اور ریلیوں میں شریک ہو کر کارکنوں سے خطاب کرتی رہی ہیں، جس پر سیاسی حلقوں میں مختلف آراء سامنے آ رہی ہیں۔