ویب ڈیسک : معرکۂ حق اور پاک فوج سے متعلق نورین نیازی کے حالیہ بیان پر وفاقی حکومت کے وزرا نے سخت ردعمل دیتے ہوئے اسے قومی مفادات، ریاستی وقار اور ملکی یکجہتی کے خلاف قرار دیا ہے۔
وزیر مملکت طلال چوہدری نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان اور ان کے قریبی افراد مسلسل ایسے بیانات دیتے رہے ہیں جو ملک کے مفادات کے برعکس سمجھے جاتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نورین نیازی کے حالیہ مؤقف سے واضح ہوتا ہے کہ ان کا ہدف صرف ریاستی ادارے نہیں بلکہ پاکستان کو نقصان پہنچانا ہے۔
طلال چوہدری نے مزید کہا کہ نورین نیازی کے الفاظ سے یہ تاثر ملا ہے کہ وہ پاکستان کے خلاف بیانیے کو تقویت دے رہی ہیں، جس کی ہر سطح پر مذمت ہونی چاہیے۔
دوسری جانب وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری نے بھی اس معاملے پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ معرکۂ حق کے حوالے سے دیا گیا بیان نہایت افسوس ناک اور قابل مذمت ہے۔ ان کے مطابق ایسے بیانات پاکستان کی سالمیت، قومی وقار اور عوامی جذبات کے منافی ہیں، جبکہ پوری قوم اس طرزِ عمل کو مسترد کرتی ہے۔
ادھر وزیر مملکت برائے سمندر پار پاکستانی عون چوہدری نے بھی نورین نیازی سے قوم سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ بیان غیر ذمہ دارانہ ہے اور قومی مفادات کو نقصان پہنچانے کا باعث بن سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کے اندر موجود بعض عناصر ملک کے لیے خطرناک طرزِ سیاست کو فروغ دے رہے ہیں۔
وفاقی وزرا کے بیانات کے بعد نورین نیازی کے مؤقف پر سیاسی حلقوں میں بحث کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ حکومت نے اسے قومی مفاد کے خلاف قرار دیتے ہوئے سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔