حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
سوات: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی کی جانب سے اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد۔ Home / سیاست /

سوات: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی کی جانب سے اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد۔

ایڈیٹر - 16/07/2026
سوات: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی کی جانب سے اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد۔

سوات  :  وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے ملاکنڈ ڈویژن، خصوصاً ضلع سوات کی تیز رفتار ترقی کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے سوات میں متعدد اربوں روپے مالیت کے بڑے اور اہم ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھ دیا ہے۔ ان منصوبوں میں اعلیٰ تعلیم، مواصلات، سماجی بہبود اور عوامی خدمات کے شعبے شامل ہیں۔

تفصیلات کے مطابق، وزیراعلیٰ نے کبل کے مقام پر 9.9 ارب روپے کی خطیر لاگت سے تعمیر کی گئی جدید ترین 'یونیورسٹی آف کمپیوٹنگ سائنسز اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی' کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ یونیورسٹی میں اس وقت بی ایس کے 4 اور ایم ایس کے 2 ڈگری پروگرامز کامیابی سے جاری ہیں، جہاں 269 طلبہ جدید ڈیجیٹل تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ مواصلاتی ڈھانچے کو بہتر بنانے کے لیے، وزیراعلیٰ نے 39.5 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل ہونے والے 'بدلئی پل' کا افتتاح کیا اور ساتھ ہی 1.437 ارب روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے 'وینئی تا گٹ روڈ' منصوبے کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔

عوامی فلاح و بہبود کے دائرہ کار کو بڑھاتے ہوئے، وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی نے 21.4 کروڑ روپے کی لاگت سے تیار کردہ 'سپیشل چلڈرن سکول اور سپیشل چلڈرن ٹیچر ٹریننگ سنٹر' کا بھی افتتاح کیا، جو خصوصی بچوں کی تعلیم اور اساتذہ کی تربیت میں اہم کردار ادا کرے گا۔ دورے کے آخری مرحلے میں انہوں نے 'کبل پولیس سہولت مرکز' کا افتتاح کیا، جہاں اب ایک ہی چھت تلے شہریوں کو پولیس کلیئرنس، کریکٹر سرٹیفیکیٹ، ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید اور گاڑیوں کی تصدیق سمیت متعدد قانونی خدمات بلا تاخیر فراہم کی جائیں گی۔