حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
قومی سلامتی کے اداروں کے خلاف متنازع بیان کا معاملہ: عدالت نے مولانا فضل الرحمان کوطلب کر لیا۔ Home / سیاست /

قومی سلامتی کے اداروں کے خلاف متنازع بیان کا معاملہ: عدالت نے مولانا فضل الرحمان کوطلب کر لیا۔

ایڈیٹر - 15/07/2026
قومی سلامتی کے اداروں کے خلاف متنازع بیان کا معاملہ: عدالت نے مولانا فضل الرحمان کوطلب کر لیا۔

ریاستی اداروں اور قومی سلامتی سے متعلق متنازع بیان دینے کے معاملے پر جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا ہے۔ ایڈیشنل سیشن جج فیصل جمیل نے دائر درخواست پر ابتدائی سماعت کے بعد جے یو آئی (ف) کے سربراہ کو 28 جولائی کو ذاتی حیثیت میں عدالت کے روبرو طلب کر لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق یہ درخواست سینئر قانون دان منظور قادر ایڈووکیٹ کی جانب سے دائر کی گئی ہے۔ درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ مولانا فضل الرحمان نے قومی سلامتی کے اداروں کے حوالے سے انتہائی متنازع اور اشتعال انگیز بیانیے کا سہارا لیا، جو قانوناً جرم ہے۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ ریاستی اداروں کے وقار کو مجروح کرنے پر جے یو آئی (ف) کے سربراہ کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ عدالت عالیہ نے درخواست کو باقاعدہ سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے فریقین کو نوٹسز جاری کر دیے ہیں۔

دوسری جانب اس معاملے پر ملک کے سیاسی حلقوں میں بھی شدید ردعمل دیکھنے میں آ رہا ہے۔ استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کی جانب سے پنجاب اسمبلی میں ایک باضابطہ مذمتی قرارداد جمع کرا دی گئی ہے۔ قرارداد کے متن میں واضح کیا گیا ہے کہ قومی سلامتی کے ذمہ دار اداروں کو سیاسی تنقید کی زد میں لانا سراسر قومی مفاد کے منافی ہے اور اس قسم کے غیر ذمہ دارانہ بیانات سے دشمن عناصر کے بیانیے کو تقویت ملتی ہے۔ قرارداد میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ ریاستی اداروں پر انگلی اٹھانے والوں کے خلاف قانون کے مطابق آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے۔ واضح رہے کہ اس تمام تر صورتحال پر تاحال جے یو آئی (ف) یا مولانا فضل الرحمان کا کوئی باضابطہ دفاعی مؤقف سامنے نہیں آیا ہے۔