حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
پی ٹی آئی میں نئی سیاسی ہلچل، اکبر ایس بابر سرگرم، بانی کارکنوں کو متحرک کرنے کا بڑا اعلان Home / سیاست /

پی ٹی آئی میں نئی سیاسی ہلچل، اکبر ایس بابر سرگرم، بانی کارکنوں کو متحرک کرنے کا بڑا اعلان

ایڈیٹر - 15/07/2026
پی ٹی آئی میں نئی سیاسی ہلچل، اکبر ایس بابر سرگرم، بانی کارکنوں کو متحرک کرنے کا بڑا اعلان

ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف کے بانی رہنماؤں نے پارٹی کی موجودہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تنظیمی سطح پر سرگرمیاں تیز کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس سلسلے میں بانی رہنما اکبر ایس بابر نے نظریاتی اور دیرینہ کارکنوں سے رابطہ مہم شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پارٹی کے بانی اراکین میں شامل امین ذکی، رانا سہیل، رانا جلیل اور حنیف راجپوت بھی متحرک ہو گئے ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ بانی اراکین کا ایک اہم اجلاس بلانے کی تیاریاں جاری ہیں، جس میں پارٹی کی موجودہ صورتحال، تنظیمی معاملات اور آئندہ کے لائحہ عمل پر مشاورت کی جائے گی۔

اکبر ایس بابر نے گزشتہ روز اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کا قیام ملک کو سیاسی اور دیگر مفاد پرست گروہوں سے نجات دلانے کے مقصد سے عمل میں آیا تھا، مگر افسوس کہ آج وہی جماعت اندرونی طور پر ایسے عناصر کے زیرِ اثر آ چکی ہے جنہیں انہوں نے "سیاسی قبضہ مافیا" قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی کے نظریاتی کارکنوں اور بانی اراکین کو دوبارہ منظم کرنے کی ضرورت ہے تاکہ جماعت کو اس کی اصل سمت اور بنیادی نظریے کے مطابق فعال بنایا جا سکے۔

سیاسی حلقوں کے مطابق بانی اراکین کی جانب سے رابطہ مہم اور اجلاس کی تیاریوں کو پاکستان تحریک انصاف کے اندر ایک نئی سیاسی پیش رفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، جس کے مستقبل میں پارٹی کی اندرونی سیاست پر اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔