ویب ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف نے اعلیٰ سطحی پاکستانی وفد کے ہمراہ قطر کا مختصر دورہ کیا، جہاں انہوں نے امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی سے ملاقات کرتے ہوئے سابق امیر شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی کے انتقال پر حکومتِ پاکستان اور پوری پاکستانی قوم کی جانب سے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔
دوحہ میں ہونے والی اس ملاقات کے دوران سابق وزیراعظم نواز شریف، نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی وزیراعظم کے ہمراہ موجود تھے۔
وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستانی وفد نے قطری قیادت سے تعزیت کرتے ہوئے مرحوم رہنما کی سیاسی بصیرت، دور اندیش قیادت اور قطر کو ترقی، خوشحالی اور استحکام کی نئی منزلوں تک پہنچانے میں ان کی خدمات کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔
شہباز شریف نے گفتگو کے دوران کہا کہ مرحوم شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی پاکستان کے مخلص دوست تھے اور انہوں نے ہمیشہ دونوں برادر ممالک کے تعلقات کو مضبوط بنانے میں مثبت کردار ادا کیا۔ انہوں نے مرحوم کے پاکستان کے مختلف دوروں کا بھی خصوصی طور پر ذکر کیا اور دونوں ممالک کے درمیان تاریخی تعلقات کو سراہا۔
وزیراعظم نے اس موقع پر قطری قیادت اور عوام کو یقین دلایا کہ دکھ کی اس گھڑی میں پاکستان مکمل یکجہتی کے ساتھ قطر کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنی رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور سوگوار خاندان سمیت پوری قطری قوم کو صبرِ جمیل نصیب کرے۔
ملاقات کے دوران امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے وزیراعظم شہباز شریف، نواز شریف، اسحاق ڈار اور پاکستانی وفد کی ذاتی طور پر دوحہ آمد کو دونوں ممالک کے درمیان مضبوط برادرانہ تعلقات کی علامت قرار دیتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔
یاد رہے کہ قطر کے سابق امیر شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی گزشتہ روز چوہتر برس کی عمر میں انتقال کر گئے تھے، جس کے بعد مختلف ممالک کی قیادت کی جانب سے قطر سے اظہارِ تعزیت کا سلسلہ جاری ہے۔