حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
ضلع مہمند میں اہلیان غزہ سے اظہارِ یکجہتی، شٹر ڈاؤن ہڑتال اور احتجاجی مظاہرے Home / پاکستان /

ضلع مہمند میں اہلیان غزہ سے اظہارِ یکجہتی، شٹر ڈاؤن ہڑتال اور احتجاجی مظاہرے

ضلع مہمند میں اہلیان غزہ  سے اظہارِ یکجہتی، شٹر ڈاؤن ہڑتال اور احتجاجی مظاہرے

مہمند فلسطینیوں پر جاری ظلم و ستم کے خلاف ضلع مہمند کے مختلف علاقوں میں شٹر ڈاؤن ہڑتال اور احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔ جماعت اسلامی مہمند کے زیر اہتمام غازی بیگ، میاں منڈی، اور ضلعی ہیڈکوارٹر غلنئی سمیت مختلف بازار مکمل بند رہے۔ مظاہرین نے فلسطینی عوام کے حق میں نعرے لگائے اور امریکہ و اسرائیل کی پالیسیوں کے خلاف شدید احتجاج ریکارڈ کروایا۔
احتجاجی مظاہروں میں بڑی تعداد میں شہریوں، سیاسی کارکنوں، اور مذہبی رہنماؤں نے شرکت کی۔ مختلف مقامات پر جلوس نکالے گئے جہاں مقررین نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے عالمی برادری کی بے حسی پر شدید تنقید کی۔
امیر جماعت اسلامی ضلع مہمند محمد سعید خان ، ڈپٹی جنرل سیکرٹری اسرار احمد ، سینئر رہنما نوید احمد ، ہیڈکوارٹرز غلنئی بازار کے صدر کونسلر گلاب خان، میاں منڈی بازار کے صدر حاجی تمیز خان اور مہمند ویلفیئر آرگنائزیشن کے صدر میر افضل مہمند نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل نے اب تک 80 ہزار سے زائد بے گناہ فلسطینیوں کو شہید کیا ہے جن میں معصوم بچے، عورتیں اور بزرگ شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صرف انسانی جانیں ہی نہیں بلکہ فلسطینیوں کے گھر، مساجد، اور مدارس بھی مسمار کیے جا رہے ہیں۔
"یہ جنگ صرف زمین کی نہیں، یہ اسلام اور کفر کا ٹکراؤ ہے"
محمد سعید خان کا کہنا تھا کہ یہ جنگ دراصل اسلام اور کفر کے درمیان ہے۔ ان کے مطابق فلسطینیوں کی مزاحمت نہ صرف ایک قومی جدوجہد ہے بلکہ دین اسلام کے دفاع کی ایک علامت بھی ہے۔
انہوں نے امریکہ کو اس ساری صورتحال کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ دنیا کا سب سے بڑا شیطان اور دہشت گرد امریکہ ہے، جس نے نہ صرف اسرائیل کو جنم دیا بلکہ اسے ہتھیار، تحفظ، اور سیاسی حمایت بھی فراہم کی۔ ان کے مطابق امریکہ نے مقدس سرزمین پر چالاک اور مکار یہودیوں کو آباد کر کے اسرائیل کی ناجائز ریاست کی بنیاد رکھی۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ آج امتِ مسلمہ کے پاس 70 لاکھ سے زائد فوج اور ایٹمی ہتھیار موجود ہیں، مگر بدقسمتی سے وہ یہودیوں کے مظالم کے خلاف نہ صرف خاموش ہیں بلکہ بے بس بھی نظر آتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کی زمین پر صرف اللہ کے نظام کو نافذ ہونا چاہیے اور یہی مسلمانوں کی نجات کا واحد راستہ ہے۔
ضلعی سطح پر ہونے والی ہڑتال کو کاروباری برادری کی مکمل حمایت حاصل رہی۔ بازاروں میں مکمل شٹر ڈاؤن رہا جبکہ مظاہروں میں نوجوانوں، بزرگوں اور خواتین نے بھی شرکت کی۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں فلسطینی پرچم اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر "فلسطین زندہ باد"، "اسرائیل مردہ باد"، اور "امریکہ دہشت گرد ہے" جیسے نعرے درج تھے۔
مظاہرین نے حکومتِ پاکستان اور بین الاقوامی اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر اسرائیلی بربریت کے خلاف آواز بلند کریں اور فلسطینیوں کو ان کا جائز حق دلوانے میں کردار ادا کریں۔