شادی کی تقریب سے واپسی پر نا معلوم افراد نے گولیوں کی بوچھاڑ کر دی ایک راہ گیر ثاقب شدید زخمی
قتل ہونے والوں میں عبید اللہ طاہر اسامہ اولیس، وقاص اور راہ گیر یحی شامل، دشمنی کا نتیجہ ہے، پشاور کے علاقے جمیل چوک رنگ روڈ میں مسلح افراد نے گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کر کے 6 افراد کو قتل جبکہ 1 کو زخمی کر دیا ہے ، 4 جاں بحق افراد کا تعلق بڈھ بیر جبکہ ایک مقتول کا تعلق ہزار خوانی سے بتایا جاتا ہے جو شادی میں شرکت کے بعد گاڑی میں واپس جارہے تھے، مقتول پارٹی کی سابقہ دشمنی بھی چلی آرہی ہے، لرزہ خیز قتل واقعہ سے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا اور مقتولین کے گھروں میں صف ماتم بچھ گئی ، تھانہ پھندو پولیس کے مطابق 6 افراد کے قتل کا واقعہ جمیل چوک رنگ روڈ پر پیش آیا ہے ۔ وہ شادی کی تقریب کے بعد واپس گاڑی میں جا رہے تھے اس دوران ان کی گاڑی پر گولیوں کی بوچھاڑ کر دی گئی جس سے 5 افراد موقع پر جاں بحق ہو گئے جن کی شناخت عبداللہ ولد بادام گل ، طاہر ولد نواب، اسامہ ولد حمایت اللہ، اولیس ولد سید بادشاہ، وقاص سے ہوئی ہے جبکہ ایک راہگیر یحییٰ ولد سر کار بھی گولیاں لگنے سے جاں بحق ہو گیا جبکہ ثاقب ولد سید احمد شاہ زخمی ہو گیا، 6 افراد کے قتل پر ایس پی فقیر آباد محمد ارشد خان اور ڈی ایس پی عمر آفریدی بھی نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے اور نعشوں کو پوسٹمارٹم رپورٹ جبکہ زخمی کو ابتدائی طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ سابقہ دشمنی کا شاخسانہ ہے تاہم مقتولین کے ورثا کی جانب سے با قاعدہ دعویداری کے بعد ہی ملزمان پر رپورٹ درج کی جاسکے گی۔